Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹویوٹا باہا ریلی چیمپیئن شپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز

ریلی میں 58 ڈرائیور اور کو ڈرائیور شرکت کر رہے ہیں (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
جدہ گورنریٹ کے زیرِ انتظام ’ٹویوٹا باہا ریلی 2026 ‘ چیمپیئن شپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جو 14 نومبر تک جاری رہے گی۔
 کمشنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ سعودی آٹوموبیل اینڈ موٹرسائیکل فیڈریشن اور سعودی موٹر سپورٹس کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان بھی موجود تھے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی آٹوموبیل اینڈ موٹرسائیکل فیڈریشن کے زیرِ نگرانی ریلی میں مختلف کیٹیگریز کے 58 ڈرائیور اور کو ڈرائیور شرکت کر رہے ہیں۔
اس ریلی میں پرولاگ سٹیج کے ساتھ جدہ اور اس کے اطراف کے صحرائی راستوں پر دو خصوصی سٹیجز شامل ہیں۔
ریلی کے پہلے روز شرکا کی رجسٹریشن، انتظامی دستاویزات کی جانچ پڑتال اور مقابلوں میں حصہ لینے والی گاڑیوں کا تکنیکی معائنہ کیا گیا۔

پہلے روز 10 کلو میٹر پرولاگ سٹیج  میں موٹر ریس کے متعدد ممتاز نام شریک ہوئے۔ عالمی شہرت یافتہ یزید الراجحی 8 منٹ اور 26 سیکنڈ کے تیز ترین وقت کے ساتھ پہلے جبکہ قطری ریسر ناصر العطیہ 22.2 سیکنڈ کے فرق کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ صالح السیف نے ایک منٹ 25.7 سیکنڈ کے فرق کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
جمعے اور سنیچر کو دو خصوصی مراحل ہوں گے۔ پہلا خصوصی مرحلہ 217 کلو میٹر جبکہ آخری خصوصی مرحلہ 104 کلو میٹر پر مشتمل ہوگا۔
خیال رہے ٹویوٹا باہا ریلی جدہ میں موٹر سپورٹس کے سالانہ کیلینڈر کا ایک نمایاں ایونٹ ہے۔ یہ ریلی مقامی سطح پر موٹر سپورٹس کے مقابلوں کو فروغ دینے، سعودی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

سعودی عرب میں صحرائی ریلی کی خصوصی چیمپیئن شپ کے انعقاد کے ذریعے موٹر سپورٹس کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ ایک ایسا کھیل ہے جس میں تیکنیکی مہارت، ہمت اور نیویگیشن یکجا ہوتے ہیں۔
جدہ باہا ریلی 2026  قصیم میں ہونے والے فائنل مرحلے سے قبل چیمپیئن شپ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

 

شیئر: