Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم کا تاریخی ’سوق المجلس‘ اہلِ نجد کا تجارتی اور سماجی ورثہ

بازار کی ساخت مستطیل نما ہے (فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن کی کمشنری ریاض الخبرا کے قدیم محلے میں واقع مجلس بازار ’سوق المجلس‘ اہل نجد کی معاشی اور سماجی زندگی کا اہم تاریخی ورثہ ہے۔
یہ بازار محض خرید و فروخت کا مرکز نہیں تھا بلکہ تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ اہلِ علاقہ کے باہمی معاملات اور مہمانوں کے استقبال کا بھی اہم مقام ہوا کرتا تھا۔
ایس پی اے کے مطابق یہ مارکیٹ کمشنری کی تعمیراتی اور سماجی تاریخ کی اجتماعی یادداشت کا اہم حصہ ہے جو اہل علاقہ کو ایک جگہ اکھٹا ہونے اور باہمی رابطے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
اس سے قدیم بازاروں کا وہ سماجی کردار بھی نمایاں ہوتا ہے جو تجارتی سرگرمیوں کے علاوہ لوگوں کے درمیان روابط، مشاورت اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم  تھا۔
بازار کی ساخت مستطیل نما ہے جس کے اطراف دکانیں اور تجارتی مراکز قائم تھے جبکہ اس سے چھوٹی سڑکیں جاتی ہیں جن کی چوڑائی پانچ سے سات میٹر کے درمیان تھی۔

اس بازار کی ایک نمایاں خصوصیت مٹی سے بنائی گئی مخصوص چبوترہ نما نشسیں بھی تھیں جنہیں ’الحبوس‘ کہا جاتا تھا۔ یہاں مقامی لوگ بیٹھ کر حالات پر تبادلہ خیال کیا کرتے تھے۔
بازار میں اشیائے خورونوش، روز مرہ استعمال کی ضروریات اور زرعی سامان کے علاوہ مویشی، پھل اور سبزیاں وغیرہ فروخت کی جاتی تھیں۔
علاقے کے باشندوں کے نزدیک ’سوق المجلس‘ کو ایک خاص سماجی مقام حاصل تھا۔ یہ بازار بزرگوں، قصبے کے معززین، کسانوں اور مہمانوں کے لیے ملاقاتوں اور باہمی رابطے کا مرکز تھا۔ یہاں لوگ معاشرتی معاملات، اہل علاقہ کے حالات اور دیگر روز مرہ امور پر تبادلہ خیال کیا کرتے تھے۔

تاریخی بازاروں کی بحالی اور ورثے کو دوبارہ اجاگر کرنا ثقافتی و تاریخی سیاحت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔ 
اس سے سیاحوں اور وزیٹرز کو مقامی معاشروں کی تاریخ سے روشناس کرانے کے علاوہ روایتی دستکاریوں، عوامی مصنوعات اور گھریلو سطح پر کام کرنے والے پیداواری خاندانوں کی سرگرمیوں کو بھی نمایاں کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔

 

شیئر: