سولر و دیگر ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے نئے ضوابط جاری
سولر و دیگر ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے نئے ضوابط جاری
جمعہ 13 نومبر 2026 17:51
پیداواری صلاحیت ایک میگا واٹ سے بڑھا کر 50 میگا واٹ کردی گئی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی الیکٹریک سٹی ریگولیٹری اتھارٹی نے شمسی توانائی و دیگر ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے نئے ضوابط جاری کردیئے ہیں۔
جاری کیے گئے ضوابط کا مقصد سولر اور دیگر ذرائع سے بجلی پیدا کرنے والے سسٹم کی تنصیب اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق نئے ضوابط میں شمسی توانائی، ہوا، حیاتیاتی ایندھن اور کچرے سے بجلی پیدا کرنے والے نظاموں کے علاوہ بجلی کو اسٹور کرنے والی ٹیکنالوجی بھی شامل ہوں گی۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ بجلی پیدا کرنے والے نظاموں کی زیادہ سے زیادہ صلاحیت ایک میگا واٹ سے بڑھا کر 50 میگا واٹ کردی گئی ہے۔
نیٹ ورک سے منسلک نظاموں کو صلاحیت کے اعتبار سے چار کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے،جن کی حد ایک کلو واٹ سے 50 میگا واٹ تک ہے۔
دو میگا واٹ سے کم کیپیسٹی والے نظاموں کےلیے طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے، جبکہ ہر کیٹگری کے لیے نیٹ ورک سے کنکشن، لائسنسنگ اور بلنگ کے طریقہ کار کو بھی واضح کیا گیا ہے۔
دو میگا واٹ سے کم والے سسٹم کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے(فوٹو، ایکس)
علاوہ ازیں صارفین ٹھیکیداروں، مشیروں اور بجلی فراہم کرنے والے ادارے کی ذمہ داریوں کا تعین بھی کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق نئے ضوابط میں صارفین کے حقوق، نظاموں کی دیکھ بھال، شکایات کے ازالے اور بجلی کے اضافی استعمال یا پیداوار کے حساب کا طریقہ بھی شامل ہے۔
الیکٹریک اتھارٹی نے صارفین ، ٹھیکیداروں اور متعلقہ افراد کو نئے ضوابط کا مطالعہ کرنے اور نظام کی تنصیب سے قبل ضروری شرائط و طریقہ کار سے مکمل آگاہی حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔