Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رات کے وقت مکہ مکرمہ کا دلکش منظر، شہری حسن اور رونقیں نمایاں

سڑکیں اور تمام سہولتیں چوبیس گھنٹے فعال رہتی ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
شہرِ مقدس مکہ مکرمہ کا شہری منظر رات کے وقت ایک منفرد رنگ اختیار کر لیتا ہے جہاں سڑکوں، عمارتوں اور عوامی مراکز کی روشنیاں آپس میں مل کر شہر کی خوبصورتی کو نکھارتی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق رات کے وقت مکہ کی رونقوں کا اپنا ہی ایک خاص انداز ہے۔ زائرین مقدس شہر میں آمد و رفت جاری رکھتے ہیں جبکہ سڑکیں اور تمام سہولتیں 24 گھنٹے فعال رہتی ہیں۔
مکہ میونسپلٹی نے مستقل بنیادوں پر شہر کو منور رکھنے کے لیے منظم اور جدید ترین انتظامات کیے ہیں۔ میونسپلٹی کی جانب سے شہر میں ایک لاکھ 45 ہزار لائٹنگ ٹاورز اور کھمبے نصب ہیں جبکہ مرکزی مقامات میں مزید پانچ ہزار ٹاورز اور پلرز کے ذریعے روشنی کا انتظام کیا گیا ہے۔
اس نظام کا مقصد عوامی مقامات پر روشنی کی کارکردگی، سیفٹی کے معیار کو بہتر بنانا، رہائشیوں اور زائرین کے لیے سڑکوں اور سہولتوں کو 24 گھنٹے قابلِ استعمال رکھنا ہے۔

میونسپلٹی کے مطابق شہری ماحول کو بہتر بنانے کے منصوبوں میں سڑکوں اور فٹ پاتھ کی بحالی، پارکوں، چوراہوں اور تفریحی مقامات کی ترقی، شجر کاری، صفائی اور ماحولیاتی بہتری کے اقدامات شامل ہیں۔
علاوہ ازیں سڑکوں، روشنی کے نظام، پلوں اور سرنگوں کی استعداد کار بڑھانے پر بھی کام جاری ہے تاکہ آمد ورفت آسان ہو اور شہریوں کا معیارزندگی بلند ہو سکے۔

مکہ مکرمہ کے انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولتوں کی ترقی سعودی وژن 2030 کا حصہ ہے جس کا مقصد معیارزندگی بلند کرنا، خدمات کو بہتر بنانا اور شہروں کو عازمین اور عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے استقبال کے لیے مزید تیار کرنا ہے۔

 

شیئر: