سعودی عرب کا میوزک کمیشن 12 مئی کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مشہور اوپیرا ہاؤس میں ’مارولز آف سعودی آرکسٹرا‘ کنسرٹ کی میزبانی کرے گا۔
یہ ایونٹ سعودی وزیرِ ثقافت اور میوزک کمیشن کے چیئرمین شہزداہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی سرپرستی میں منعقد ہو گا۔
مزید پڑھیں
-
ریاض میں یونیسکو کی تقریب میں سعودی آرکسٹرا کے فن کا مظاہرہNode ID: 798426
-
سعودی آرکسٹرا نے ٹوکیو کے سامعین کو حیران کردیاNode ID: 882032
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ کنسرٹ سعودی نیشنل آرکسٹرا اور کوائر (موسیقاروں کا طائفہ) کے عالمی دورے کا ساتواں پڑاؤ ہے۔ اس ایونٹ میں سعودی عرب کی موسیقی کے شاندار ورثے اور فنی تنوع کو یکجا کر کے پیش کیا جائے گا۔
آسٹریلیا کا میٹروپولیٹن آرکسٹرا اس تقریب میں شامل ہوگا جس میں آسٹریلوی دھنیں بھی پیش کی جائیں گی۔ ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کی موسیقی پر مبنی روایات کے مختلف عناصر کی باہمی آمیزش سے ایک خصوصی فنی پیشکش بھی کنسرٹ کا حصہ ہوگی۔
’تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس کمیشن‘ بھی اس پرورگرام میں متعدد پرفارمنس پیش کرے گا۔
اس سے قبل موسیقی کی اس طرح کی تقریبات پیرس، میسیکو سٹی، نیو یارک، لندن، ٹوکیو اور ریاض کے باوقار مقامات پر منعقد کی گئی ہیں۔ ان کنسرٹس کو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور ان کے انعقاد سے بین الاقوامی سٹیج پر سعودی عرب کی موسیقی کے بڑھتے ہوئے اثر کا مظاہرہ ہوا ہے۔

’سعودی آرکسٹرا ماسٹرپیسز‘ نامی سیریز کا مقصد موسیقی کے ایسے غیر معمولی تجربات پیش کرنا ہے جو نہ صرف سعودی ثقافتی ورثے کو دھوم دھام سے مناتے ہیں بلکہ تخلیق کی نئی راہ گزاروں کی تلاش میں بھی ہیں۔
ہر پرفارمنس روایتی سعودی موسیقی کے اظہار کے ذریعے سامعین کو ایک ایسے سفر پر لے جاتی ہے جہاں ان کے سامنے موسیقی کے مترنم اسلوب سے بنی ہوئی مملکت کی وسیع المنظر رنگا رنگ فنی تصویر آ جاتی ہے۔
سڈنی میں ہونے والی پرفارمنس کمیشن کے انیشیٹو کا ایک تسلسل ہے جس کا مقصد عالمی ثقافتی مکالمے میں سعودی موسیقی کے فن کا مقام بلند کرنا ہے۔