سعودی عرب کے شہر جدہ میں منگل سے ’ریڈ سی لیبس‘ کے تحت معروف فلمساز سپائک لِی کی زیرِ نگرانی نیا ’ڈائریکٹرز پروگرام‘ شروع ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق تین مئی تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں سعودی عرب، عرب دنیا، ایشیا اور افریقہ سے تعلق رکھنے والے 15 ابھرتے ہوئے فلم ساز شرکت کریں گے۔
مزید پڑھیں
-
چینی سینما گھروں میں پہلی بار سعودی فلم کی نمائشNode ID: 880011
ہدایت کار سپائک لِی اپنے جرآت مندانہ وژن اور ایسی کہانیوں کو بیان کے لیے شہرت رکھتے ہیں جو سماج کے مسائل کو فنی گہرائی کے ساتھ اجاگر کرتی ہیں۔ ان کی سرپرستی میں ایونٹ میں شریک فلم ساز، ورکشاپس اور پرسنلائزڈ سیشنز کے ذریعے فنِ ہدایت کاری کے گہرے پہلوؤں پر غور کریں گے۔
یہ پروگرام ان ابھرتے ہوئے فلم سازوں کو فلمی دنیا کی نامی گرامی شخصیات سے براہِ راست بات کرنے کا موقع فراہم کرے گا اور اپنے کیریئر کو بلند مقام تک پہچانے اور اس ہنر مندی کو حاصل کرنے کا ذریعہ بنے گا جو اس کام کے لیے از حد ضروری ہے۔
ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن‘ کے مینیجنگ ڈائریکٹر شیوانی پانڈیا ملہوترا نے کہا کہ ’جدہ میں سپائک لِی کو ’ڈائریکٹرز پروگرام‘ کے پہلے ایڈیشن کی قیادت کےلیے خوش آمدید کہنا ایک یادگار لمحہ ہے۔‘
’یہ ابھرتے ہوئے فلم سازوں اور مصنفوں کے لیے ایک غیر معمولی بات ہوگی کیونکہ انہیں ہمارے عہد میں سینما کے عظیم ترین اذہان میں سے ایک (سپائک لِی) سے سیکھنے، سمجھنے، غطیاں درست کرنے اور رہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔‘
’ریڈ سی لیبس‘ کے سربراہ رائن اشور کے مطابق ’ڈائریکٹرز پروگرام‘ ہمارے مشن کا ایک جرآت مندانہ قدم ہے جو علاقائی ٹیلنٹ کو پروان چڑھنے اور عالمی کمیونٹی کے ساتھ ابھرے ہوئے فلم سازوں کو مربوط ہونے کا موقع فراہم کرے گا۔

’جب سپائک لِی اس پروگرام کی قیادت کریں گے تو یہ ایک زبردست مثال بنے گی جس میں شرکا کو فلمی تکنیک کے مختلف پہلوؤں اور کاریگری تک رسائی ہوگی۔ انہں اس جذبے اور اعتماد کے اظہار کا موقع بھی ملے گا جن کے بغیر اعلٰی درجے کی فلموں کی تعریف مکمل نہیں ہوتی۔‘
’ریڈ سی لیبس‘ تین دیگر پروگراموں کا انعقاد بھی کرتا ہے جن میں ’لوج‘ بھی شامل ہے۔ یہ پروگرام جو ’ٹوری آنو` ’فلم لیب‘ کی شرکت اور ’فلم العلا‘ کے تعاون سے بھرپور تربیت فراہم کرنے کا ایک اقدام ہے۔ اس کے تحت سعودی، عرب دنیا، ایشیا اور افریقہ کے فلم سازوں کو منصوبے کے ابتدائی خیال سے اس کے اختتام تک رہنمائی دی جاتی ہے۔
’میوزک اینڈ ساؤنڈ پروگرام‘ میں فلمی سکورنگ اور صوتی ڈیزائن میں عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی ہدایت میں فلم سازی کے لیے ضروری تربیت فراہم کی جاتی ہے۔
’سیریز لیب‘ ’فلم انڈیپینڈنٹ‘ کے ساتھ شراکت میں 14 ابھرتے ہوئے تخلیق کاروں کو ٹی وی سیریز کے پائلٹ پروگراموں کو بنانے اور دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس دوران انہیں امریکی شہر لاس انجیلس میں دو ہفتے تک قیام کی سہولت بھی دستیاب ہوتی ہے۔

اس پروگرام کا اختتام ’ریڈ سی سُوق‘ پر ہوتا ہے جہاں تخلیق کاروں کو بین الاقوامی خریداروں، سٹوڈیوز اور پروڈیوسروں کے سامنے اپنے کام کو پیش کرکے اپنی طرف مائل کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
ماضی میں اس طرح کے دیگر اقدامات میں مختصر دورانیے کی فلم ’کلنک‘، ’مڈل ایسٹ میڈیا انیشی ایٹیو‘ اور ’میوزک فار فلم ورکشاپ‘ جیسے پروگرام شامل رہے ہیں۔
یہ سب ’ریڈ سی لیبس‘ کے مشن کا ایک حصہ ہیں جس میں آنے والی نسل کے کہانی بیان کرنے والوں کو خواہ ان کا تعلق سعودی عرب سے ہو یا دنیا میں کسی اور جگہ سے، اپنے کام کا قرینہ اور اسے سنوار کر پیش کرنے کا انداز سکھایا جاتا ہے۔