Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مافیا تحقیقات کا دباؤ یا میڈیا ٹرائل، اٹلی کے سابق پولیس چیف ’دی شارک‘ نے خودکشی کیوں کی؟

’دی شارک‘ اینٹی مافیا انویسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ اور انٹیلی جنس کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ بھی رہے (فائل فوٹو: لا ریپبلیکا)
اٹلی کے سابق قومی پولیس سربراہ جیانی ڈی جینارو، جو 1992 میں ایک اعلیٰ اینٹی مافیا مجسٹریٹ کے قتل کی نئی تحقیقات میں مبینہ طور پر رکاوٹ ڈالنے کے الزامات کا سامنا کر رہے تھے، نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس معاملے سے باخبر ایک اہلکار نے ہفتے کے روز اس خبر کی تصدیق کی۔
78 سالہ ڈی جینارو نے سنہ 2000 سے 2007 تک اٹلی کے قومی پولیس سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
ان کا شمار اٹلی کے بااثر ترین سکیورٹی حکام میں ہوتا تھا اور انہوں نے منظم جرائم، خصوصاً 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں سسلی کے بدنام زمانہ مافیا ’کوسا نوسٹرا‘ کے خلاف مہم میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
ابھی ایک ہفتہ بھی نہیں گزرا تھا کہ سسلی کے علاقے کالٹانیسیٹا کے پراسیکیوٹرز نے انہیں گھر میں نظر بند کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔
یہ اقدام 1992 میں پالرمو میں ہونے والے اس کار بم دھماکے کی تحقیقات میں مبینہ رکاوٹ ڈالنے کے الزامات کے تحت اٹھایا گیا تھا جس میں اینٹی مافیا مجسٹریٹ پاؤلو بورسیلینو اور ان کے پانچ پولیس محافظ ہلاک ہو گئے تھے۔
ایک جج نے پراسیکیوٹرز کی یہ درخواست مسترد کر دی تھی تاہم استغاثہ نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی جس پر آئندہ چند ہفتوں میں فیصلہ متوقع تھا۔
ان کے قریبی ذرائع کے مطابق اس تفتیش کی خبر نے اٹلی میں بہت سے افراد کے ساتھ ساتھ خود ڈی جینارو کو بھی شدید صدمے سے دوچار کر دیا تھا۔ انہوں نے کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔
ان کے وکیل فرانسسکو برٹوروٹا، جنہوں نے رواں ہفتے ان سے بات کی تھی، نے اطالوی اخبار ’لا ریپبلیکا‘ کو بتایا کہ ’وہ اندر سے ٹوٹ چکے تھے۔‘
وکیل کے مطابق ’وہ مجھے شدید پریشان لگے کیونکہ انہیں ایسے الزامات کے خلاف اپنا دفاع کرنا پڑ رہا تھا جنہیں وہ غیر منصفانہ اور ہتک آمیز سمجھتے تھے۔‘
بورسیلینو قتل کی تحقیقات کا معمہ
اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب رشتہ داروں کا ڈی جینارو سے رابطہ نہ ہو سکا تو انہوں نے تشویش کا اظہار کیا جس کے بعد وہ ٹسکنی میں واقع اپنے دیہی گھر میں مردہ پائے گئے۔
اطالوی خبر رساں ایجنسی ’انسا‘ کے مطابق ٹسکنی کے صوبے گروسیٹو کے پراسیکیوٹرز نے خودکشی پر اکسانے کے شبہے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ایجنسی نے مزید بتایا کہ تفتیش کاروں کو گھر سے اہل خانہ کے نام تحریر کردہ خط ملے ہیں جنہیں الوداعی پیغامات سمجھا جا رہا ہے۔
جج بورسیلینو کے قتل کی تحقیقات کا طریقہ کار اٹلی کی حالیہ تاریخ کے متنازع ترین ابواب میں سے ایک ہے۔ اس واقعے سے دو ماہ سے بھی کم عرصہ قبل ایک مافیا بم دھماکے میں اینٹی مافیا جج جیوانی فالکونے کو قتل کر دیا گیا تھا جو ڈی جینارو کے قریبی ساتھی تھے۔
اس وقت پولیس نے جن مشتبہ افراد کی نشاندہی کی تھی وہ بعد میں بے گناہ ثابت ہوئے۔ بعد ازاں ہونے والی تحقیقات میں ان الزامات کا جائزہ لیا گیا کہ تفتیش کے دوران جھوٹے اعترافات حاصل کیے گئے تھے۔ ان معاملات کی وجوہات آج بھی متنازع ہیں اور تفتیش کو گمراہ کرنے والوں کے تعین کی کوششیں جاری ہیں۔
بورسیلینو خاندان نے ڈی جینارو کی موت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مقتول مجسٹریٹ کے بیٹے مینفریڈی بورسیلینو نے کہا کہ ’سچ کا ایک اور ٹکڑا شاید ان کے ساتھ ہی چلا گیا ہے۔‘
ڈی جینارو کی موت پر اٹلی کے سیاسی حلقوں سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ وزیراعظم جارجیا میلونی نے تعزیت کا اظہار کیا جبکہ بعض اتحادیوں نے موقف اختیار کیا کہ شواہد کی عدم موجودگی کے باوجود میڈیا کی جانب سے ان پر غیر متناسب دباؤ ڈالا گیا۔
نائب وزیراعظم انتونیو تاجانی نے کہا کہ ’ایک آزاد، جمہوری اور مہذب ملک میں انصاف عدالتوں کے اندر ہوتا ہے، ان سے باہر نہیں۔‘
مافیا کے خلاف جنگ سے قومی منظرنامے تک
’دی شارک‘ کے لقب سے مشہور ڈی جینارو نے جج فالکونے کے ساتھ مل کر مافیا کے خلاف تاریخی تحقیقات کیں اور برازیل سے مافیا کے مخبر ٹوماسو بوسیٹا کی حوالگی میں اہم کردار ادا کیا۔
وہ اینٹی مافیا انویسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ اور انٹیلی جنس کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ بھی رہے۔
تاہم ان کا کیریئر تنازعات سے خالی نہ تھا۔ پولیس سربراہ کی حیثیت سے انہوں نے 2001 میں جینوا میں ہونے والے جی ایٹ سربراہی اجلاس کے سکیورٹی آپریشنز کی نگرانی کی جس میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔ اگرچہ وہ اس سے متعلقہ ایک مقدمے میں بری ہو گئے تھے لیکن یہ واقعہ جدید اطالوی پولیسنگ کا ایک متنازع باب رہا۔ 2013 سے 2020 تک وہ سرکاری دفاعی اور ایرو اسپیس کمپنی ’لیونارڈو‘ (سابقہ فن میکینیکا) کے چیئرمین بھی رہے۔

 

شیئر: