ریاض سیزن: بولیواڈ ورلڈ میں 70 اور 80 کی دہائی کی یادیں تازہ
ماضی کے سفر کا آغاز قدیم طرز کی گلیوں اور عمارتوں سے ہوتا ہے ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
ریاض سیزن کے ’بولیواڈ ورلڈ‘ میں قائم زون ’ بولیواڈ الطیبین‘ میں ماضی کی یادوں کو زندہ کرتے ہوئے وزیٹرز کے لیے 70 اور 80 کی دہائی کا ماحول تخلیق کیا گیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ’بولیواڈ الطیبین‘ وزیٹرز کو ایک ایسے تاریخی سفر پر لے جاتا ہے جہاں روایتی طرزِ زندگی کی عکاسی کرنے والے مناظر کے ذریعے سعودی معاشرے کی ان یادوں کو اجاگر کیا گیا ہے جو ماضی کا حصہ بن چکی ہیں۔
ماضی کے اس سفر کا آغاز قدیم طرز کی گلیوں اور عمارتوں سے ہوتا ہے جہاں رکھی گئی ماضی کی نمایاں شناخت ’ٹیلی فون ڈائریکٹری‘ وزیٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتی ہے۔
قدیم ٹیلی فون ڈائریکٹری اس دور میں اہم ہوا کرتی تھی جسے سعودی ٹیلی کام کمپنی کی جانب سے شائع کیا جاتا تھا۔
ڈائریکٹری میں مملکت کے مختلف علاقوں میں نصب ہونے والے ٹیلی فون نمبرز اور ان کے مالکان کے نام درج ہوتے تھے۔

ماضی کی یادوں میں ’جاراللہ العضیب ثقافتی میوزیم‘ بھی قائم کیا گیا ہے جہاں نادر اشیا رکھی گئی ہیں۔
ان میں پرانے ٹیلی ویژن نمایاں ہیں۔ ڈبہ نما ٹیلی ویژن اس دور کی عکاسی کرتے ہیں جب گھر کے تمام افراد مقررہ وقت پر اس کے سامنے جمع ہو کر اپنے پسندیدہ پروگرام دیکھا کرتے تھے۔

ان پرانے سیٹس کو دیکھنے والے اپنے اس دور میں پہنچ جاتے ہیں جب وہ ان کے سامنے بیٹھ کر ’عدنان و لینا‘ اور ’فلونہ‘ سیریز دیکھا کرتے تھے۔
کلاسک گاڑیاں بھی ماضی کی یادگار کے طور پر یہاں رکھی گئی ہیں۔ منفرد ڈیزائن کی حامل قدیم گاڑیاں مملکت میں ذرائع نقل و حمل کی ترقی کے ابتدائی دور کی یادوں کو تازہ کرتی ہیں۔

میوزیم میں پرانے ٹیپ ریکارڈز اور شادی کے موقع پر دلہن کے ساتھ جانے والا سامان جسے مقامی زبان میں ’شنطہ العروس‘ ( دلہن کا بکس) کہا جاتا تھا بھی رکھا گیا ہے۔
