ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان، ’گدھے کی نمبر پلیٹ کہاں ہے‘
جمعرات 4 دسمبر 2025 12:15
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ہیلمٹ نہ پہننے پر دو ہزار روپے تک کا چالان کیا جاتا ہے (فوٹو: پنجاب پولیس)
پنجاب بھر میں شہریوں سے ٹریفک کے قوانین پر عمل در آمد کروانے کے لیے حالیہ دنوں میں سخت حکمت عملی لاگو کی گئی ہے۔
ٹریفک کی مختلف خلاف ورزیوں پر کئی قسم کے بھاری جرمانے اور ایف آئی آرز متعارف کروائی گئی ہیں تاہم ہیلمٹ نہ استعمال کرنے پر دی جانے والی سزا توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق ہیلمٹ نہ پہننے پر دو ہزار روپے جرمانہ اور مقدمے کے اندارج کی سزا مقرر کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ ٹریفک کے قوانین کی سختی کے بعد بازاروں میں ہیلمٹ کی قلت ہو گئی ہے جبکہ کچھ صارفین کی جانب سے دلچسپ میمز شیئر کی جار رہی ہیں۔
انسٹاگرام پر ایک میم پیج نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں کچھ طالب علم ہر کام ہیلمٹ پہن کر کرتے ہوئے نظر آئے۔ اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن لکھا گیا تھا ’پنجاب میں ڈر کا ماحول ہے۔‘
اس وائرل میم پر صارفین نے مختلف تبصروں کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا ’میرے خیال سے اس گینگ کا نام ہیلمٹ گینگ ہونا چاہیے۔‘

ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ ’ہم آج بھی بغیر ہیلمٹ پہنے شہر گئے تھے، جو ہو گا دیکھا جائے گا، ہم نے سوچ رکھا ہے۔‘ اس کے جواب میں ایک اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’میرا ایک دوست بھی ہیلمٹ پہنے بغیر روڈ پر نکلا تو اسے 30 ہزار کے 15 چالان ہو گئے، اب اس سے دیکھا نہیں جا رہا۔‘

صارف حمزہ زاہد ڈار نے ایک دلچسپ میم شیئر کی جس میں ایک گدھا گاڑی کے سوار نے خود بھی ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور گدھے کو بھی ہیلمٹ پہنا رکھا تھا۔
اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے اقصی خالد نے لکھا کہ ’پاکستانی یا تو سیریس نہیں ہوتے یا پھر بہت سیریس ہو جاتے ہیں۔‘

میاں ارہم نے لکھا کہ ’چچا بالکل بھی رسک لینے کے موڈ میں نہیں ہیں۔‘

صارف ہادی نے لکھا کہ ’اگلے روز ٹریفک وارڈن پوچھ رہا ہو گا گدھے کا نمبر پلیٹ کہاں لگایا ہے؟‘

ایک صارف نے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’رات کو 50 روپے کی مونگ پھلی لینے گیا تھا، دو ہزار کا چالان ہو گیا۔‘
