پیار بانٹتے بانٹتے چلی گئیں، سوشل میڈیا پر وائرل ’پیاری مریم‘ کون تھیں؟
جمعرات 4 دسمبر 2025 13:44
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
’پیاری مریم‘ کو چند دن میں ہی سوشل میڈیا پر کامیابیاں ملیں۔ (فوٹو: پیاری مریم انسٹاگرام)
’میں ہوں آپ کی پیاری مریم، سارا میرا پیار آپ کے لیے‘، یہ وہ الفاظ تھے جنہوں نے اسلام آباد کی ’پیاری مریم‘ کو سوشل میڈیا سٹار بنا دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر شہرت کی بلندی کو چھوتی اور اپنے چھوٹے قد کے باوجود خود کو کبھی چھوٹا نہ سمجھنے والی مریم اب انتقال کر گئی ہیں۔
جمعرات کو انٹرنیٹ پر ان کے انتقال کی خبر سامنے آئی جس نے ان کے مداحوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ مریم کے اکاؤنٹ سے ان کی موت کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کے مطابق مریم زچگی کی حالت میں تھیں اور بچے کی پیدائش کے بعد حالت بگڑنے پر وفات پا گئیں۔

پیاری مریم کون تھیں؟
اپنے چھوٹے قد پر پکارے جانے پر مریم نے اپنا اعتماد بحال کر کے سوشل میڈیا کا ایسا انتخاب کیا کہ وہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوئیں اور انہیں انٹرنیٹ کی دنیا میں بھرپور محبت ملی۔
ماضی میں ایک نجی ڈیجیٹل پلیٹ فارم اردو پوائنٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے مریم نے اپنی کہانی بیان کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا ’چھوٹے قد کے لوگوں کی عزت نہیں کی جاتی، جب میں دنیا میں اپنے ہی جیسے لوگوں کو کامیابیاں سمیٹتے دیکھا تو مجھے بھی خیال آیا کہ میں کیوں پیچھے رہوں۔‘
مریم کا اپنے انٹرویو میں ایک گلہ یہ تھا کہ ’ہمیں ڈس ایبل کیوں کہا جاتا ہے؟ بیرون ممالک میں تو ہمیں سپیشل کہا جاتا ہے مگر پاکستان میں کیوں ڈس ایبل۔ اگر ہم کام کریں تو کام پورا لیا جاتا ہے لیکن عزت کیوں نہیں دی جاتی۔‘
ان کا مطالبہ تھا کہ ’ہمیں خاص کہا جائے اور ڈس ایبل کا ٹیگ ہٹایا جائے۔‘
مریم نے اپنے سوشل میڈیا کا سفر بیان کیا اور بتایا کہ ان کی نویں جماعت میں سپلی آئی تو وہ بہت روئیں لیکن انہوں نے اپنی کہانی دنیا کو بتانے کا فیصلہ کیا۔
مریم کا کہنا تھا کہ ’تمام لوگوں کو دنیا میں مشکلات تو ہوتی ہیں مگر مجھے اپنے قد کے باعث اضافی مشکلات جھیلنی پڑیں، یہاں تک کہ میں یہ بھی سوچتی تھی کہ میں پیدا ہی کیوں ہوئی۔ لیکن میں نے ہار نہیں مانی، پوری دنیا اور یہاں تک کہ اپنے خاندان کا بھی سامنا کیا۔‘
ان کی حکومت سے گزارش تھی کہ ’خاص لوگوں کا خیال رکھا جائے اور انہیں روزگار کے اچھے مواقع فراہم کیے جائیں۔
پیاری مریم سوشل میڈیا کی وہ چمکتی ہوئی شخصیت تھیں جنہوں نے بہت کم وقت میں عوام کی توجہ حاصل کی۔ ٹک ٹاک پر ان کی معصوم مسکراہٹ، برجستہ گفتگو اور سادہ انداز نے انہیں ہزاروں لوگوں کا پسندیدہ بنا دیا۔ عام زندگی گزارنے والی ایک نوجوان خاتون جب ویڈیوز میں اپنے روزمرہ کے لمحات شیئر کرتیں، تو ان کی بے ساختگی ہی ان کی حقیقی پہچان بن جاتی تھی۔
