طویل انتظار کے بعد ’پراڈا‘ نے ’ورساچے‘ کو خرید لیا
جمعرات 4 دسمبر 2025 16:26
پراڈا نے پراڈا‘ نے ’ورساچے‘ کو تقریباً 1.5 ارب ڈالر میں خریدا ہے (فوٹو: روئٹرز)
مشہور فیشن ہاؤس ’پراڈا‘ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آخر کار اٹلی کے معروف فیشن برینڈ ’ورساچے‘ کو خریدنے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ’پراڈا‘ نے ’ورساچے‘ کو امریکی کمپنی ’کیپری ہولڈنگز‘ سے تقریباً 1.5 ارب ڈالر میں خریدا ہے۔
اس سے قبل ’ورساچے‘ کی فروخت اینٹی ٹرسٹ حکام کی وجہ سے ناکام ہو گئی تھی جس کے بعد پراڈا نے دوبارہ مذاکرات شروع کیے اور معاملہ طے پا گیا۔
’ورساچے‘ کو 1978 میں جیانی ورساچے نے میلان میں شروع کیا تھا اور یہ اپنی شوخ، دلکش اور فیشن ایبل ڈیزائننگ کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اب یہ برینڈ ’پراڈا گروپ‘ کے دو اہم برینڈز ’پراڈا‘ اور ’میو میو‘ کے ساتھ شامل ہو جائے گا۔ فیشن انڈسٹری میں اسے ’پراڈا‘ کا ایک بڑا اور اہم فیصلہ سمجھا جا رہا ہے۔
جیانی ورساچے کی بہن ڈوناٹیلا ورساچے نے معاہدہ مکمل ہونے پر انسٹاگرام پر جذباتی پیغام لکھا کہ یہ دن ان کے بھائی کی سالگرہ کے ساتھ پڑ رہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ جیانی اس لمحے پر خوش ہوتے۔ جیانی ورساچے کو سنہ 1997 میں میامی میں قتل کر دیا گیا تھا۔
’پراڈا‘ کے مالک لورینزو برٹیلی نے بتایا ہے کہ انضمام مکمل ہونے کے بعد وہ ورساچے کے ایگزیکٹیو چیئرمین بنیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پراڈا کئی برس سے ورساچے کو خریدنا چاہتا تھا اور جیسے ہی پچھلا سودا ناکام ہوا، ہم نے تیزی سے دوبارہ کوشش کی، ورساچے مالی لحاظ سے محفوظ اور شہرت کے لحاظ سے مضبوط برینڈ ہے، اسی لیے اسے خریدنا ایک سوچا سمجھا فیصلہ تھا۔‘
اس سے قبل مارچ میں ڈوناٹیلا ورساچے تقریباً 30 برس بعد کریٹیو ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹ گئی تھیں اور ان کی جگہ ’میو میو‘ کے سابق ڈیزائن ڈائریکٹر داریو ویٹالے نے سنبھالی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس انضمام سے ’پراڈا گروپ‘ کی فیشن دنیا میں پوزیشن مزید مضبوط ہو جائے گی اور ’ورساچے‘ کو بھی عالمی سطح پر نئے مواقع ملیں گے۔
