Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا امارات کے صدر کو فون، حالیہ بحران کے دوران کردار کا شکریہ

شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کو کبھی چیلنج نہیں ہونے دے گا۔ (فوٹو: ایکس)
پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان آج ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔
 وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں حالیہ بحران کو کم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی سفارتی کوششوں اور تعمیری کردار کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن کا خواہاں ہے اور اسی جذبے کے تحت انڈیا کے ساتھ جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے افہام و تفہیم  کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا لیکن ساتھ ہی  پاکستان  کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کو کبھی چیلنج نہیں ہونے دے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گرمجوش، قریبی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  گذشتہ ایک سال کے دوران دونوں دوست ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون خاص طور پر معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید بہتری آئی ہے۔
انہوں نے  پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو باہمی فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر نے امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جنگ بندی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی بحالی کی حمایت کرتا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے رابطہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریسں کے درمیان آج ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں جنوبی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے جنوبی ایشیاء کی کشیدہ صورتحال کو کم کرنے کے لیے سیکریٹری جنرل کی قیادت اور سفارتی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ سیکریٹری جنرل کی سفارت کاری اور رابطے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے تحفظ کے ساتھ ساتھ جنوبی ایشیاء میں امن کے حوالے سے ان کی دلچسپی کا مظہر ہیں۔
سیکریٹری جنرل نے جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی امن واستحکام کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں فریقوں کے ساتھ رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

شیئر: