امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ہمراہ وفد کا دورہ مملکت کے موقع پر ریاض کے قصر یمامہ میں پرتپاک خیرمقدم اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
صدر ٹرمپ جو اپنے دور صدارت کی دوسری مدت میں پہلے بڑے غیرملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، سعودی شاہی شخصیات، کابینہ کے ارکان، معروف کاروباری افراد اور مدیران کی موجودگی میں ظہرانے میں شریک ہوئے۔
عرب نیوز اور الشرق الاوسط کے مطابق امریکہ کی معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک بھی موجود تھے۔
ظہرانے کے مینو میں تین کورس پر مشتمل صحت بخش کھانے شامل تھے، جس میں بین الاقوامی ذائقہ نمایاں تھا۔

’سٹارٹر‘ کے طورپر تازہ اور آرگینک سبزیوں کے سلاد کے ساتھ ’میسوبیف‘ پیش کیا گیا۔
مین کورس میں گرل ’بلیک اینگوس سٹیک‘ ’سلکی پوٹیٹو‘ کے ساتھ تازہ اور آرگینک سلاد و دیگر اشیا شامل تھیں۔
سوئٹ ڈش میں ایکسٹرا ورجن زیتون کے تیل سے تیار کردہ پڈنگ اور کھٹی، میٹھی سٹرابیری کا سلاد پیش کیا گیا۔
قبل ازیں صدر ٹرمپ ریاض ایئرپورٹ کے رائل لاونج میں پہنچے تو ابتدائی تواضع روایتی سعودی قہوے سے کی گئی۔