سعودی ذریعے نے ایران جنگ سے متعلق نیویارک ٹائمز کی رپورٹ مسترد کر دی
ایک سعودی ذریعے نے پیر کے روز العربیہ کو بتایا کہ نیویارک ٹائمز کی وہ رپورٹ غلط ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سعودی قیادت ایران کے ساتھ طویل جنگ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
اتوار کو شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ’ایرانیوں پر سخت حملے جاری رکھیں۔‘
سعودی ذریعے کے مطابق یہ دعویٰ درست نہیں ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ واشنگٹن میں موجود سعودی سفارت خانے نے بھی واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کی تردید کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب نے نجی طور پر ٹرمپ سے ایران پر حملے کرنے کے لیے لابنگ کی تھی۔
سعودی عرب خلیجی ممالک میں شامل ہے جو خطے میں کسی وسیع فوجی تصادم کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اس نے کھل کر کہا ہے کہ وہ کسی ممکنہ جنگ میں حصہ نہیں لے گا۔
