Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزٹ ویزے پر حج نہیں کیا جاسکتا ، وزارت حج کی یاددہانی

حج سیزن کے دوران ’حج پرمٹ‘ کے بغیر مکہ جانے پر جرمانہ ہوگا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارتِ داخلہ نے وزٹ ویزوں پر آنے والوں کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ نہ جائیں ایسا کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارتِ داخلہ کی جانب سے مملکت میں وزٹ ویزوں پر مقیم غیرملکیوں کو مسلسل انتباہ دیا جا رہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت قانون شکنی کے مرتکب نہ ہوں۔
وزارت نے اس بات پرزور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حج ویزے کے علاوہ کسی بھی قسم کے وزٹ ویزے پرآنے والوں کو حج ادا کرنے کی قطعی اجازت نہیں۔
قانون کے مطابق وہ افراد جو کسی بھی قسم کے وزٹ ویزے پر مملکت میں موجود ہیں وہ قطعی طورپر حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ جانے کی کوشش نہ کریں ایسا کرنے پر 20 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ۔
وزارت کا جانب سے سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ حج ویزے کی خلاف ورزی کرانے والوں سے بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔ وہ غیرملکی جو غیرقانونی طورپر مملکت میں مقیم ہیں اور مکہ مکمرہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پائے گئے انہیں گرفتار کرکے نہ صرف ملک بدر کیا جائے گا بلکہ ان پر 10 برس کے لیے مملکت آنے کی پابندی عائد کردی جائے گی۔
واضح رہے سعودی وزارت داخلہ نے 29 مئی 2025 سے حج سیزن کا آغاز ہوتے ہی غیرملکیوں کے مکہ مکرمہ جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
وہ افراد ہی حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ داخل ہوسکتے ہیں جن کے پاس’مکہ پرمٹ‘ ہو جو’تصریح‘ پورٹل کے ذریعے جاری کیا گیا ہو۔
 

 

شیئر: