Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائنی سیامی بچیاں علیحدہ ہونے کے لیے سعودی عرب پہنچ گئیں

’کنگ عبداللہ سپیشلسٹ چلڈرن ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت کا جائزہ لیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فلپائنی سیامی  بچیوں ’کلیا اور موریس آن‘ کو ان کے اہل خانہ کے ہمراہ فلپائن سے ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لایا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ان کے پہنچتے ہی انہیں وزارتِ نیشنل گارڈ کے کنگ عبداللہ سپیشلسٹ چلڈرن ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت کا جائزہ لیا جائے گا اور ان کے ممکنہ علیحدگی کے آپریشن پر غور کیا جائے گا۔
سیامی بچوں کے علیحدگی پروگرام کے طبی و جراحی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
 انہوں نے اس انسانی اقدام کو سعودی عرب کی عظیم اقدار اور ثابت قدم اصولوں کا مظہر قرار دیا جو محتاجوں کی امداد اور انسانی و طبی شعبے میں سعودی عرب کی عالمی قیادت کو اجاگر کرتا ہے اور جس نے بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کی ایک ممتاز طبی حوالہ گاہ کی حیثیت کو مستحکم کیا ہے۔

شیئر: