Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں شدید گرد و غبار کا طوفان، فلائی جناح کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

فلائی جناح کی پرواز کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی۔ (فائل فوٹو: ایکس)
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فلائی جناح کا طیارہ شدید گرد و غبار کے طوفان کے دوران چوتھی کوشش میں لینڈ کرنے میں کامیاب ہو گیا اور حادثے سے بچ گیا۔
کمشنر کوئٹہ محمد حمزہ شفقت نے اتوار کو ایکس پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’کوئٹہ میں معجزانہ لینڈنگ! فلائی جناح کا طیارہ شدید گرد و غبار کے طوفان کے دوران چار بار لینڈنگ کی کوشش کرتا رہا جبکہ ایندھن بھی کم ہو رہا تھا۔ شکر ہے کہ چوتھی کوشش کامیاب رہی اور ممکنہ تباہی سے بچاؤ ہو گیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’پی آئی اے کی پرواز کو تیز اندھی کی وجہ سے کراچی موڑ دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر مسافروں کے بے ہوش ہونے کی خبریں درست نہیں ہیں۔ الحمدللہ، سب محفوظ ہیں۔‘
فلائی جناح کی پرواز کراچی سے کوئٹہ جا رہی تھی۔
جہاز کے ایک مسافر ڈاکٹر فیروز خان اچکزئی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’طیارہ حادثے سے بال بال بچا۔‘
قبل ازیں پاکستان میں محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ ملک کے بالائی حصوں میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔
اتوار کی سہ پہر اسلام آباد میں محکمہ موسمیات سے جاری کی گئی ایڈوائزری کے مطابق خبیر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں آندھی اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ’اگلے دو سے تین گھنٹوں میں اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد ونواح کے علاقوں میں شدید آندھی کا خدشہ ہے۔‘

 

شیئر: