جدہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد سب سے زیادہ، فلائٹ آپریشنز میں بھی اضافہ
جدہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد سب سے زیادہ، فلائٹ آپریشنز میں بھی اضافہ
پیر 19 مئی 2025 21:35
سعودی ایئرپورٹس پر بین الاقوامی مسافروں کی تعداد 69 ملین تک پہنچ گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے ایئرپورٹس سے گزشتہ برس 128 ملین سے زیادہ مسافروں نے سفر کیا جو فضائی شعبے میں 15 فیصد اضافہ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شماریات کی جنرل اتھارٹی کے ٹرانپسورٹ سٹیٹسٹکس پبلی کیشن 2024 کے مطابق سعودی ایئرپورٹس پر بین الاقوامی مسافروں کی تعداد 69 ملین تک پہنچ گئی جو 2023 کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے۔ مقامی مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا جو چھ فیصد ہے اور یوں ان کی تعداد 59 ملین تک ہوگئی۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد سب سے زیادہ رہی جو 49 ملین تھی۔ پچھلے برس کی نسبت 2024 میں یہ اضافہ 14 فیصد ہے۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 37.6 ملین مسافروں نے سفر کیا جو گزشہ سال سے اٹھارہ فیصد بڑھ کر ہے۔
دمام کے کنگ فہد ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کی کل تعداد 12.8 ملین تھی جو 2023 سے 15 فیصد زیادہ رہی۔
سعودی ایئرپورٹس پر بین الاقوامی مسافروں کی اوسطاً روزانہ تعداد تقریباً ایک لاکھ 89 ہزار رہی جبکہ اندرونِ ملک پروازوں میں یہ تعداد ایک لاکھ 62 ہزار تھی۔
پروازوں کی تعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مقامی پروازوں کی تعداد 2024 میں چار لاکھ 74 ہزار رہی جو 2023 کی نسبت 12 فیصد زیادہ تھی۔
اسی طرح بین الاقوامی پروازوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا جو دس فیصد اضافے کے ساتھ چار لاکھ 31 ہزار تک پہنچ گئیں۔
ریاض انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 37.6 ملین مسافروں نے سفر کیا (فوٹو: عرب نیوز)
جدہ کے ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشنوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا جو تقریباً دو لاکھ 90 ہزار تھا۔ اس کے بعد ریاض کا نمبر ہے جہاں یہ آپریشنز دو لاکھ 74 ہزار رہے جبکہ دمام میں ان کی تعداد ایک لاکھ پانچ ہزار رہی۔
سعودی ایئر لائن نے اس عرصے میں چار لاکھ 12 ہزار اندرونِ ملک پروازیں چلائیں جبکہ سعودی ایئر لائن کی طرف سے بین الاقوامی پروازوں کی تعداد ایک لاکھ 52 ہزار رہی۔
غیر ملکی ایئرلائنز نے اندورنِ ملک ایک ہزار 5844 جبکہ ملک کے لیے دو لاکھ 66 ہزار پروازیں چلائیں۔ عمومی ہوا بازی کے تحت اندورنِ ملک 60 ہزار جبکہ بیرونِ ملک پروازوں کی تعداد 13 ہزار رہی۔
کارگو ٹریفک میں سامان کا کُل حجم 1.2 ملین ٹن تھاجو 2023 کی نسبت 34 فیصد زیادہ ہے۔
غیر ملکی ایئرلائنز نے اندورنِ ملک ایک ہزار 5844 پروازیں چلائیں (فوٹو: عرب نیوز)
اندورنِ ملک آنے والا کارگو سات لاکھ 20 ہزار جبکہ باہر جانے والے کارگو کا وزن 64 ہزار ٹن تھا۔ ٹرانزٹ کارگو کا وزن چار لاکھ سات ہزار ٹن رہا۔
کارگو کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ مارچ کے مہینے میں دیکھا گیا جو ایک لاکھ 23 ہزار ٹن تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق فضائی روابط میں بھی بہتر دیکھنے میں آئی۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سب سے زیادہ یعنی 379بین الاقوامی روٹس فراہم کیے۔
دوسرے نمبر پر مدینے کا امیر محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ رہا جس نے 272، شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 165، جبکہ کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 85 روٹس کا بندوبست کیا۔
مجموعی طور پر ٹرانسپورٹ کے شعبے کی مسلسل بڑھتی ہوئی وسعت مملکت کے وژن 2030 کے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں جن کے تحت فضائی تسلسل میں اضافہ، سیاحت کے شعبے میں نمو اور قومی معیشت کو متنوع بنانا ہے۔