اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے کر ’ٹاپ ٹو‘ میں جگہ بنا لی
یونائیٹڈ کی جانب سے الیکس ہیلز 88، صاحبزادہ فرحان 73، اور شاداب خان 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فوٹو: پی سی بی
پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے ایک میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دے کر ’ٹاپ ٹو‘ میں جگہ بنا لی ہے۔
پیر کی رات راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلے کھیلتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے پانچوں وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو 252 رنز کا ہدف دیا۔
یونائیٹڈ کی جانب سے الیکس ہیلز 88، صاحبزادہ فرحان 73، اور شاداب خان 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو صاحبزادہ فرحان اور ایلکس ہیلز نے 69 گیندوں میں 153 رنز کا اوپننگ سٹینڈ دیا۔
کنگز کے خوشدل شاہ کے چار اوورز میں 58 رنز بنے جبکہ عامر جمال اور عباس آفریدی نے 51، 51 رنز کی پٹائی برداشت کی۔
ہدف کے تعاقب میں اچھے آغاز کے باوجود کراچی کنگز کا مڈل آرڈر سنبھل نہ پایا۔
کراچی کنگز کے ڈیوڈ وارنر نے 43، عباس آفریدی نے 13 گیندوں پر 34 رنز سکور کیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے 45 رنز دے کر چار جبکہ سلمان ارشاد نے 28 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
عماد وسیم نے چار اوورز میں 22 رنز دیے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔
الیکس ہیلز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ میچ میں ٹاس کراچی کنگز نے جیت کر اسلام آباد کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔