پاکستان کے بیشتر میدانی علاقے آج سے اگلے چار روز تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لیے ہیٹ ویو الرٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرات معمول سے چار سے چھ فیصد تک زیادہ رہے گا جبکہ وسطی و بالائی پنجاب کے علاوہ اسلام آباد، کشمیر، گلگت میں بھی درجہ حرات معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے منگل کی صبح جاری اعلامیے میں صوبہ بھر کے ضلعی انتظامی حکام اور محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
ملک میں شدید گرمی کی لہر جاری: موسمیاتی تبدیلیوں کا شاخسانہ؟Node ID: 861946
-
آئندہ تین سے چار روز کے دوران گرمی کی پہلی لہر کی توقعNode ID: 889672
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ کے علاوہ ریسکیو 1122 کو ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب بھر میں 20 سے 24 مئی تک پنجاب کے بڑے شہر اور میدانی علاقے شدید گرمی کی لہر میں رہیں گے اور اگلے چند روز میں درجہ حرارت غیرمعمولی طور پر بڑھ سکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق ’مئی کے دوران درجہ حرارت پانچ سے سات ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔‘
بعض میدانی علاقوں میں تیز ہوا اور آندھی کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔
صوبائی انتظامیہ کی جانب سے ضلعی حکام کو عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جبکہ ہسپتالوں اور طبی مراکز سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ہیٹ سٹروک کی صورت میں ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لیے تیار رہیں۔
اتھارٹی نے عوام کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بھی محتاط رہیں اور لو سے بچنے کا بندوبست کریں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔
بزرگوں اور بچوں کا خیال رکھا جائے اور غیرضروری سفر سے گریز کیا جائے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں آج سے اگلے چار روز تک شدید گرمی پڑنے کے امکان کے تحت الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت پانچ سے زائد سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے جس پر اضلاع کو گرمی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔