معرکہ حق میں ہمارے شاہینوں کا غلبہ اور دشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا، وزیراعظم شہباز شریف
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اںڈیا کے ساتھ جنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’معرکہ حق کا خلاصہ بس یہی ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا۔‘
انہوں نے یہ بات اتوار کو اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والی جنگ کا ایک برس مکمل ہونے پر منعقدہ خصوصی تقریب سے اپنے خطاب میں کہی۔
تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفرا، سول و عسکری حکام اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔
اس موقعے پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’انڈیا نے رات کی تاریکی میں ہماری مساجد، معصوم بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنا کر ہم پر بلاجواز جنگ مسلط کی۔ تاہم، پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کے اس حملے کا تاریخی جواب دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب ہمارے شیر دل جوان میدانِ کارزار میں اترے اور ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے تو بزدل دشمن کو جان کے لالے پڑ گئے۔ ہمارے طیاروں نے انڈیا کے فضائی دفاعی نظام کو تباہ کر دیا۔ اس جنگ کا خلاصہ یہی ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا۔‘
’سچائی کا چراغ جھوٹ کی پھونکوں سے بجھایا نہیں جا سکتا، یہی وجہ ہے کہ ایک سال گزرنے کے باوجود انڈیا آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ ’آپریشن بنیان المرصوص‘ صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ قومی غیرت، اصولوں اور خودداری کی فتح بھی ہے۔‘
شہباز شریف نے یہ اعلان بھی کیا کہ 10 مئی کو ’یومِ معرکہ حق‘ کے طور پر منایا جائے گا اور ہر سال اس دن کو (چھٹی کے بغیر) قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔‘
انڈیا کے ساتھ جنگ میں ثالثی کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’میں پاکستان کا ساتھ دینے پر برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ کےخاتمے کے لیے کردارادا کیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب اردوغان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا بھی شکریہ جنہوں نے معرکہ حق میں سیاسی،سفارتی اور اخلاتی حمایت کی۔‘
