Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدیوں پر محیط اذان کی تاریخ اور حرمین شریفین کے مؤذنوں کی سوانح

مسجد الحرام کے 95، مسجدِ نبوی کے 147 مؤذّنوں سے متعلق تفصیل ہے (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کی ’کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن فار ریسرچ اینڈ آرکائیوز‘ یا دارۃ الملک عبدالعزیز نے صدیوں پر محیط اذان کی تاریخ اور حرمین شریفین کے مؤذّنوں کی سوانح پر ایک نئی کتاب شائع کی ہے۔
اس کتاب کے مصنف شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید ہیں جو سینیئر سکالرز کی کونسل کے رکن ہیں اور مسجد الحرام میں امام اور خطیب بھی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ کی کتاب، تمام تر جزیات کے ساتھ مسجد الحرام اور مسجدِ نبوی میں اذان کی ابتدا، اذان کے اوصاف اور اس کی اہمیت کا باریک بینی سے کیا گیا مطالعہ ہے۔
کتاب کے تین حصے ہیں جن میں اذان کی تاریخ، مسجد الحرام کے 95 جبکہ مسجدِ نبوی کے 147 مؤذّنوں کی زندگی کی تفیصل موجود ہے۔
اس کے علاوہ ان تمام مؤذّنوں کی زندگی کے حالات بھی کتاب میں درج ہیں جنھوں نے پیغمبرِ اسلام کی حیاتِ مبارکہ کے وقت سے آج تک مسجدِ نبوی میں اذان کے فرائض سر انجام دیے ہیں۔
مستند تاریخی حوالوں اور انٹرویوز کے ذریعے، کتاب کے مصنف نے اذان کے ارتقا میں معاون ارکان کو دستاویزی شکل دینے کے لیے سائنسی طریقہ اختیار کیا ہے جبکہ مؤذّنوں اور مسجد کے باہمی تعلق پر بھی گفتگو کی ہے۔
کتاب، سعودی حکومت کے اس تعاون کا بھی خاص طور پر ذکر کرتی ہے جس کے تحت قابل اورسکلڈ مؤذّنوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کتاب میں مقامی اور بین الاقوامی براڈکاسٹ کو نگاہ میں رکھتے ہوئے اذان دینے کے لیے جدید آڈیو ٹیکنالوجی کے استعمال کا بھی اندارج ہے۔
 کتاب کی اشاعت، دارۃ الملک عبدالعزیز میں پہلے سے موجود مواد کے مجموعے میں ایک قابلِ قدر اضافہ ہے۔ ریسرچ کرنے والوں، اسلامی رسوم اور حرمین شریفین کی تاریخ میں دلچسپی لینے والوں کے لیے یہ کتاب وسائل کا اہم ذریعہ ہے۔

 

شیئر: