پشاور میں پیپلر پارٹی کی احتجاج ریلی پر شیلنگ، پی ٹی آئی کا کیمپ نذر آتش
پیر 26 مئی 2025 18:23
فیاض احمد، اردو نیوز۔ پشاور
پشاور میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف ’صوبہ بچاؤ مہم‘ کے نعرے کے ساتھ احتجاج ریکارڈ کیا تاہم جیالوں کی جانب سے احتجاج کے دوران ریڈ زون کینٹ ایریا میں داخل ہونے کی کوشش پر پولیس نے شیلنگ کی۔
پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں احتجاج کرنے والے کارکن منتشر ہو گئے۔
پولیس کی جانب سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو اسمبلی چوک سے پیچھے خیبر روڈ کی طرف دھکیل دیا گیا مگر مشتعل کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کیا۔
احتجاج کے دوران پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے اسمبلی چوک میں لگائے گئے پی ٹی آئی کے کیمپ کو نذر آتش کر دیا جبکہ کیمپ کے سامان اور کرسیوں کو بھی آگ لگا دی۔
پولیس حکام کے مطابق ریڈ زون میں داخل ہونے کی کی کوشش کرنے پر شیلنگ کی گئی تاہم کسی رہنما پر تشدد کیا گیا اور نہ ہی کسی کارکن کو گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کرپشن کے خلاف عوام کی بڑی تعداد جمع تھی اور پولیس نے پرامن احتجاج پر تشدد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت احتجاج سے ڈر گئی اور تشدد پر اتر آئی ہے۔ سلیم خان کے مطابق شیلنگ کے نتیجے میں متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کی حالت غیر ہو گئی ہے جن کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پیپلرپارٹی کے ایم پی اے احسان اللہ کا کہنا ہے کہ ’پی ٹی آئی کے غنڈوں نے ہمارے پُرامن احتجاج میں گھس کر ہمارے بینرز کو آگ لگائی جبکہ پولیس نے لاٹھی چارج کیا، شیلنگ کی اور غنڈہ گردی کی۔‘
ان کا کہنا کہ ’کرپٹ حکومت اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتی یہ تحریک مزید زور پکڑے گی۔‘
ادھر پشاور کے علاقے ہشتنگری میں پی ٹی آئی کی جانب سے ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کیا گیا جس میں صوبائی اراکین اسمبلی اور ایم این ایز شریک ہوئے۔
پی ٹی آئی پشاور کے رہنماؤں کے مطابق پیپلزپارٹی نے ناکام ریلی کو ایڈونچر میں بدلنے کے لیے ہمارے کیمپ کو آگ لگائی اور پھر پولیس پر پتھراؤ کیا۔