عازمین حج میں کوئی وبائی مرض نہیں، ایمرجنسی کےلیے گیارہ ایئر ایمبو لینسز مختص
مقامات پر وزارت نے 71 صحت مراکز قائم کیے ہیں (فوڈو: سکرین گریب)
سعودی وزیرصحت فہد الجلاجل کا کہنا ہے’ مملکت پہنچنے والے عازمین میں کوئی وبائی مرض نہیں مجموعی طور پر تمام عازمین کی صحت بہتر ہے۔‘
الاخباریہ کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا ’راوں برس حج سیزن میں وزارت صحت نے ہسپتالوں اور طبی اداروں میں بستروں کی گنجائش میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 60 فیصد اضافہ کیا ہے۔‘
سعودی وزیر صحت کا کہنا تھا’ حج سپریم کونسل کی جانب سے جاری کردہ منصوبے کے مطابق عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ عازمین کو وزارت کی جانب سے صحت ضوابط پرعمل کرنے کی بھی ہدایات جاری کی جاتی ہیں تاکہ وہ گرم موسم میں ان پر عمل کریں۔‘
ایام حج میں عازمین کو چاہئے کہ گرمی سے محفوظ رہنے کے لیے چھتری کا استعمال کریں، ازدحام والے مقامات سے اجتناب برتیں، پانی کا استعمال کثرت سے کریں۔
وِزیر صحت نے مزید کہا’ عازمین کے پہلے قافلے کی مملکت آمد کے ساتھ ہی وزارت کی ٹیموں نے حفظان صحت منصوبے پر عمل شروع کردیا تھا۔ مملکت کے 14 پورٹس پر 50 ہزار سے زیادہ عازمین کو صحت خدمات بھی فراہم کی جاچکی ہیں۔‘
پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزارت نے حج سیزن میں ہنگامی حالات کے پیش نذر 11 ایئرایمبولینسوں اور 900 گاڑیوں کو مختص کیا ہے۔
مشاعر مقدسہ کے مختلف مقامات پر وزارت نے 71 صحت مراکز قائم کیے ہیں جہاں طبی عملہ مستقل بنیادوں پر خدمات انجام دے گا۔
سعودی وزیر صحت نے کہا ’مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود عازمین حج کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔‘
’اب تک 140عازمین کے مختلف نوعیت کے آپریشنز کیے گئے جبکہ 65 عازمین کو اینجوپلاسٹی کی سہولت فراہم کی گئی۔‘
