سعودی وزیرحج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے حج 1446 ہجری کے لیے اب تک 14 لاکھ سے زائد نسک کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں۔
الاخباریہ کے مطابق ریاض میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حج کا کہنا تھا کہ ’وزارت کی تفتیشی ٹیمیں حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی مسلسل نگرانی کررہی ہیں تاکہ خدمات کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔‘
مزید پڑھیں
-
برطانیہ سے پہلی پرواز، 142 عازمین حج جدہ ایئرپورٹ پہنچ گئےNode ID: 890113
-
’حج کا خواب دیکھا کرتی تھی، سات دہائیوں بعد آج وہ دن آ گیا‘Node ID: 890165
عازمین حج کے حوالے سے انہوں نے بتایا’ اب تک 10 لاکھ سے زائد عازمین مملکت پہنچ چکے ہیں جن میں 47 فیصد خواتین جبکہ 53 فیصد مرد ہیں۔‘
مختلف ممالک سے آنے والے 94 فیصد عازمین ہوائی ذریعے سے مملکت پہنچے جبکہ 4.83 فیصد بری اور0.5 سمندری راستے سے آئے۔
مکہ روٹ منصوبے کے تحت آنے والے عازمین کی تعداد 2 لاکھ 49 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزیر حج نے مزید کہا’ وزارت نے گزشتہ برس حج ختم ہوتے ہی 12 ذی الحجہ 1445 ہجری سے ہی آئندہ حج کے لیےتیاریوں کا باقاعدہ اعلان کردیا تھا۔
جنوری 2025 میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی حج کانفرنس منعقد کی گئی جس میں 87 ممالک سے اہم وفود نے شرکت کی۔
رواں برس حج تیاریوں کے حوالے سے وزیر حج کا کہنا تھا ’حج سیزن کے لیے جامع منصوبے کے تحت تیاریاں کی گئی ہیں۔ مشاعر مقدسہ کی عارضی خیمہ بستی کے لیے پانی اور بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ضیوف الرحمان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘
ڈاکٹر الربیعہ ’بغیرپرمٹ حج نہیں‘ انیشیٹو کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا’ اس کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ آرام سے فریضہ حج ادا کرسکیں۔‘
وزیر حج نے بیرون ملک سے فرضی حج سکیموں کے حوالے سے کہا ’ ان ممالک کی کوششوں کو سراہتے ہیں جنہوں نے فرضی حج سکیموں کو روکنے کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ‘بیرون ممالک سے آنے والے عازمین حج کو حکومت کی جانب سے مثالی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ادارے مملکت کی اعلی قیادت کی رہنمائی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بنیادی مقصد عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔‘