Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متعدد شہروں میں اگلے چار دن آندھی کی پیش گوئی، این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کر دی

کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے متعدد شہروں میں اگلے چار دنوں کے دوران شدید موسمی صورتحال کی پیش گوئی کی گئی ہے اور این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے 27 مئی سے یکم جون کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال پر ایڈوائزری بھی جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق 27 مئی تا یکم جون تک اسلام ا ٓباد میں وقفے وفقے سے تیز ہواؤں، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پنجاب میں راولپنڈی، مری، اٹک، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، اوکاڑہ اور قصور میں آندھی، جھکڑ، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح جنوبی پنجاب میں ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، مظفر گڑھ میں 27 تا 29 مئی تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق خیبر پختونخوا میں سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، چترال، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، ہنگو، ڈی آئی خان، بنوں، لکی مروت اوروزیرستان کے علاقوں میں 27تا29 مئی تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہیں۔
بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، بارکھان، خضدار، قلات، لسبیلہ، مستونگ، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، آواران میں 27تا29 مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
27 مئی تا یکم جون گلگت بلتستان میں دیامر، استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، گھانچے اور شگرکے علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی ہے۔
کشمیر میں 27 مئی سے یکم جون تک وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بھی موسلا دھار بارش اور ژالہ بار ی کا امکان ہے۔ ’کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشیں لینڈ سلائیڈنگ کاباعث بن سکتی ہیں۔‘
 این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
عوام سے التماس ہے کہ طوفان اور شدید بارش کے دوران محتاط رہیں، اور خطرے سے دوچار علاقوں میں بارش کے دوران سفر سے گریز کریں۔ جبکہ تیز ہواؤں اور طوفان کے دوران کمزور تعمیرات، درختوں اور بل بورڈز سے دور رہیں۔‘
متوقع موسمی صورتحال کے دوران کھڑی فصلوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہذا محتاط رہیں۔

شیئر: