Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ثقافت سے متاثر ہوں‘، آذر بائیجان کی خاتون کا وادی کیلاش میں نکاح

آذربائیجان کی سیاح گل زارو اغیار اور محمد عبید زاہد لاہور سے 23 تاریخ کو چترال پہنچے تھے۔ (فوٹو: عجب کیلاش)
خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کا سیاحتی مقام وادی کیلاش سیر و تفریح کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے مگر اب سیاح جوڑے شادی کی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے بھی اس وادی کا رخ  کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ایسی ایک تقریب وادی کیلاش کے گاؤں بمبوریت میں 25 مئی کو منعقد ہوئی جس میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی خاتون کا نکاح لاہور کے نوجوان سے ہوا۔ 
مقامی پولیس کے مطابق آذربائیجان کی سیاح گل زارو اغیار اور محمد عبید زاہد لاہور سے 23 تاریخ کو چترال پہنچے تھے دونوں کے نکاح کی تقریب مقامی ہوٹل میں ادا ہوئی جس میں چند مقامی افراد بھی شریک ہوئے۔
پولیس کے مطابق  آذربائیجان کی دو سیاح ایلمن قیضی اور گل زارو وزٹ ویزے پر پاکستان آئی ہیں اور دونوں کے پاس سفری دستاویزات موجود تھے۔
سیاح خاتون کی خوشی میں کیلاشی خواتین بھی شریک ہوئیں جنھوں نے روایتی رقص پیش کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ کیلاش کی خواتین کے ساتھ آذر بائیجان کی دلہن بھی رقص کرکے خوب محظوظ ہوئیں۔
نکاح کے لیے وادی کیلاش کا انتخاب کیوں کیا؟
آذر بائیجان کی خاتون سے شادی کرنے والے نوجوان محمد عبید کا تعلق لاہور سے ہے، انہوں نے اردو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہماری محبت کی شادی ہے اس لیے ہم دونوں نے ایسی جگہ کا انتخاب کیا جہاں یہ لمحات مزید یادگار بنائے جاسکیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان میں ہمیں کیلاش نظر آیا جو پرامن بھی ہے اور یہاں کی ثقافت بھی منفرد ہے۔
نوجوان محمد عبید کے مطابق آذربائیجان کی خاتون اپنی والدہ کے ساتھ آئی ہے جن کو یہاں کی قدرتی خوبصورتی اور لوگ بہت پسند آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سادگی سے نکاح کی تقریب ہوئی جس میں مقامی کیلاش کی خواتین شریک ہوئیں۔
’خواتین نے اپنے ہاتھوں سے بنی تحائف ہمیں پیش کیے جو کہ ہمارے لیے انمول ہیں۔‘
محمد عبید نے بتایا کہ ’نکاح کے بعد کیلاش کی تینوں وادیوں کی سیر کی جبکہ اب ہنی مون کے لیے وادی ہنزہ کی جانب روانہ ہو رہے ہیں۔ وادی کیلاش سیاحت کے علاوہ ایسی خوشیوں کی تقریبات کے لئے بھی بہترین جگہ ہے۔‘ 
دوسری جانب کیلاش قبیلے کے شہریوں نے خوشی کے موقع پر سیاح جوڑے کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا ہے کہ غیرملکی سیاحوں کا شادی کی تقریب کے لیے چترال آنا یقینا دنیا کے سیاحوں کے لیے اچھا پیغام ہے جس سے یقیناً سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔
خیال رہے کہ وادی کیلاش میں 14 مئی سے 17 مئی تک مذہبی تہوار چلم جوشت بھی منایا گیا جس میں ملکی سیاحوں سمیت غیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شیئر: