ترکیہ کی ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پرواز کے دوران حفاظتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی صورت میں مسافروں پر جُرمانہ کیا جائے گا۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ’ترکیہ میں ایئرلائن کے وہ مسافر جو جہاز کے مکمل طور پر رُکنے سے قبل ہی اپنی سیٹ بیلٹ کھول دیتے ہیں انہیں جُرمانہ ہو سکتا ہے۔‘
مزید پڑھیں
اس کے علاوہ وہ مسافر جو جہاز رُکنے سے پہلے ہی سیٹوں کے اوپر کیبن سے سامان نکالنا شروع کر دیتے ہین یا نشتسوں کے درمیان راستے میں کھڑے ہو جاتے ہیں، اُنہیں بھی جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ترکیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور بدنظمی سے بچنے کے لیے اس حوالے سے نئے ضوابط جاری کیے ہیں۔
ترکیہ کے ڈائریکٹوریٹ آف سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ’نئے قوانین کا اطلاق رواں ماہ کے شروع سے کیا گیا ہے اور اس کا مقصد جہاز سے مسافروں کے اُترنے کے عمل کو مزید محفوظ اور منظم بنانا ہے۔‘
حکام نے بتایا کہ ’اس سلسلے میں انہیں متعدد شکایات موصول ہوئیں کہ جہاز کے رُکنے سے قبل اور لینڈنگ کے بعد ٹیکسی کے دوران مسافروں کی جانب سے حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔‘
ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ’نئے ضوابط کے تحت ترکیہ میں چلنے والی کمرشل پروازوں کے لیے ضروری ہے کہ مسافروں کو اپنی سیٹوں پر بیٹھے رہنے کے لیے دوبارہ اطلاع کریں۔
اس سرکلر کے مطابق ’اس دوران مسافروں کی جانب سے کی جانے والی ورزیوں کو ریکارڈ اور رپورٹ کر کے اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘
مسافروں کو یہ بھی یاددہانی کرائی گئی ہے کہ وہ اپنی نشستوں سے اُٹھنے سے قبل آگے والی سیٹوں کے مسافروں کے باہر نکلنے کا انتظار کریں۔
ایوی ایشن اتھارٹی کے سرکلر میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے مسافروں پر کتنا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، تاہم ترکیہ کے میڈیا کے مطابق ’70 ڈالر تک کے جُرمانہ کیا جائے گا۔‘