کراچی سے لاہور آنے والا طیارہ طوفان میں پھنس گیا، مسافر کلمہ طیبہ کا وِرد کرتے رہے
خراب موسم کے باعث قومی ایئرلائن کی کراچی، سکردو اور دبئی کی پروازیں منسوخ کی گئیں۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے مختلف علاقوں میں سنیچر کی سہ پہر موسم خراب رہا اور تیز آندھی سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ اس دوران کراچی سے لاہور جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔
سینچر کی شام لاہور ایئرپورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ کراچی سے لاہور پہنچنے والی پرواز لینڈنگ کے وقت شدید طوفان کی زد میں آئی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور پہنچنے والی پرواز ایف ایل 842 نے رن وے ٹچ کیا تو طوفان کی زد میں آگئی۔ اس دوران جہاز میں سوار مسافر کلمہ طینہ کا وِرد کرتے رہے۔
بتایا گیا ہے کہ آندھی او طوفان کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کو اترنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع نے بتایا کہ کراچی سے آنے والی پرواز کو پائلٹ نے مہارت سے واپس اڑایا اور ایئر ٹریفک کنٹرول نے کراچی واپس موڑ دیا۔
’خراب موسم کے باعث سہ پہر کے وقت اسلام اباد سے لاہور پہنچی پرواز پی کے 6385 بھی کراچی بھیج دی گئی۔‘
ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن کی کراچی، سکردو اور دبئی کی پروازیں منسوخ کی گئیں۔ نجی ایئرلائن کی اسلام آباد سے دبئی جانے والی پرواز چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کے ذرائع کے مطابق خراب موسم کے باعث غیرملکی ایئرلائن کی ایک پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ نجی ایئرلائن کی اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز دو گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔
شدید طوفانی موسم کے باعث لاہور سے کراچی کی دو پروازیں پی کے 305، پی اے 405 تاخیر سے روانہ کی گئیں۔