ایران کے حملوں کے بعد خلیجی ممالک کا کویت میں مشترکہ فوجی کمانڈ قائم کرنے کا فیصلہ
جاسم البدیوی نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی بھی مذمت کی (فوٹو: جی سی سی)
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے دفاع نے ایران کے حملوں کے بعد کویت میں مشترکہ فوجی کمانڈ قائم کرنے اور وہاں رکن ممالک کی افواج تعینات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البديوی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مشترکہ فوجی کمانڈ کونسل کی متحدہ ملٹری کمانڈ کے تحت کام کرے گی‘، جو چھ رکن ممالک کی مسلح افواج پر مشتمل مشترکہ فورس ہے۔
ان کے مطابق یہ فیصلہ بحرین کے دارالحکومت منامہ میں جی سی سی کی جوائنٹ ڈیفنس کونسل کے 23ویں اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت بحرین کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ بن حسن النعیمی نے کی۔
جاسم محمد البديوی نے بتایا کہ ’یہ اجلاس اپریل میں جدہ میں ہونے والے جی سی سی رہنماؤں کے غیر معمولی اجلاس میں جاری کردہ ہدایات کے تناظر میں منعقد ہوا، جس کا مقصد مشترکہ فوجی تعاون کو مضبوط بنانا اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا تھا۔‘
انہوں نے خطے میں ایرانی حملوں کے جواب میں خلیجی ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور رابطہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خلیجی ممالک کی سلامتی مشترکہ ذمہ داری ہے۔‘
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے خلیجی ممالک کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی، جن کے نتیجے میں شہری مقامات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے رکن ممالک کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
جاسم محمد البديوی نے سعودی عرب پر حوثی حملوں، بشمول مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے انہیں سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’خلیجی تعاون کونسل کے تمام رکن ممالک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اپنی سلامتی، استحکام اور علاقائی خودمختاری کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کی سلامتی تمام خلیجی ممالک کی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔‘
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل کے مطابق اجلاس میں دیگر فیصلے بھی کیے گئے ہیں، جن کا مقصد خلیجی ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید وسیع اور مربوط سطح پر لے جانا ہے۔
