مکہ مکرمہ میں مصری عازم حج خاتون کو بروقت طبی امداد کی فراہمی سے ان کی بینائی ختم ہونے سے بچ گئی۔ مکہ صحت مرکز میں موجود ماہر امراض چشم نے فوری آپریشن کیا جو کامیاب رہا اوربینائی بحال ہو گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت صحت کی جانب مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کو فوری طبی خدمات کی فراہمی کا خصوصی اہتمام کیا ہے جس کے تحت دونوں مقدس شہروں میں ہسپتال اور طبی مراکز قائم کیے ہیں علاوہ ازیں فرسٹ ایڈ یونٹس بھی شہر کے مختلف مقامات پر متعین کیے گئے ہیں۔
مکہ طبی مرکز میں ماہر امراض چشم ڈاکٹر اسامہ سعید العمری نے بتایا کہ مصری عازم حج خاتون کو مرکز میں لایا گیا جن کی آنکھوں میں موتیہ بگڑنے کی وجہ سے انکی بینائی ختم ہونے کے قریب تھی۔
مزید پڑھیں
-
سعودی میڈیکل ٹیم نے ایرانی عازم حج کی جان بچا لی
Node ID: 890304
ڈاکٹر اسامہ کا مزید کہنا تھا کہ عازم حج خاتون کا تفصیلی طبی معائنہ کیا اور معالجین کی ٹیم نے یہ فیصلہ کیا کہ آنکھ کا فوری آپریشن کرنا ضروری ہے بصورت دیگر بینائی مکمل ختم ہو سکتی ہے۔
ماہرین کی ٹیم نے آپریشن سے قبل خاتون کے طبی ٹیسٹ کیے بعدازاں موتیے کا آپریشن کرنے کے بعد لینس کی پیوند کاری کا عمل مکمل کرلیا جو کامیاب رہا ۔
ڈاکٹر اسامہ کا کہنا تھا کہ آپریشن کے کچھ دیر بعد ہی مریضہ کی حالت بہترہونے پر انہیں ہسپتال سے رخصت کردیا گیا۔ بروقت طبی امداد میسرآنے سے انکی بینائی مکمل طورپر بحال ہوگئی۔