Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دماغی سکتے کے لیے دنیا کی جدید ترین سمارٹ موبائل ایمبولینس

’گاڑی کے اندر دماغی بافتوں اور دماغی شریانوں کا معائنہ کیا جاسکتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب موسم حج کے دوران غیر معمولی اور اعلیٰ خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے تاکہ عازمین حج کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے، ان کے آرام کو یقینی بنایا جائے، ان کی عبادت کو آسان بنایا جائےاور ان کے تحفظ اور صحت کا مکمل خیال رکھا جائے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہی وسیع تر سعودی کوششوں کے ضمن میں وزارتِ صحت نے مکہ مکرمہ میں عازمین کی خدمت اور نگہداشت کے لیے فالج ’اسٹروک‘ کے علاج کی پہلی موبائل یونٹ متعارف کرائی ہے جو موقع پر فوری تشخیص اور علاج کی سہولت سے آراستہ ہے اور ایک مکمل طبی ٹیم کی نگرانی میں ہنگامی حالات کے لیے کام کرتی ہے۔
یہ یونٹ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اپنی نوعیت کی پہلی موبائل اسٹروک ایمبولینس ہے جو مریض کے مقام پر ہی طبی ٹیکنالوجی اور کلینیکل مہارت کو پہنچاتی ہے۔
اس سے طبی ٹیم اسپتال منتقلی کے وقت کو بروئے کار لا کر فوری طبی امداد فراہم کر سکتی ہے جو شفا یابی اور زندگی بچانے کے امکانات کو بڑھاتی ہے، طویل مدتی معذوری کے خطرے کو کم کرتی ہے اور مریض کے جسمانی افعال کی 70 فیصد زیادہ امکان سے بحالی ممکن بناتی ہے۔
یہ اسٹروک یونٹ خاص طور پر تیار کردہ ایمبولینس میں کام کرتی ہے، جس میں ایک ویکیولر نیورولوجسٹ (دماغی اعصاب کا ماہر)، کریٹیکل کیئر نرس، ایمبولینس ٹیکنیشن اور سی ٹی اسکین ٹیکنیشن شامل ہوتے ہیں۔
 یہ ٹیم مریض کو اسپتال لے جانے سے پہلے ہی گاڑی کے اندر دماغی بافتوں اور دماغی شریانوں کا معائنہ کر سکتی ہے جس سے اسٹروک کی علامات کی وجہ کا فوری تعین ممکن ہوتا ہے، اور موقع پر ہی فوری طبی مداخلت کی جا سکتی ہے۔
اس یونٹ میں کئی جدید طبی آلات شامل ہیں جیسے کہ سی ٹی اسکین، کمپیوٹرائزڈ امیجنگ، ایم آر آئی، الٹرا ساؤنڈ کے ذریعے کیروٹڈ آرٹری امیجنگ، اور دماغی شریانوں کی ویسکولر امیجنگ۔

شیئر: