وزیر صحت نے عرفات ہسپتال کا دورہ کرکے خدمات کا جائزہ لیا
’حج کے دوران عازمین کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا جائزہ لیا ہے‘ ( فوٹو: واس)
وزیر صحت فہد الجلاجل نے عرفات میں قائم میڈیکل سروسز کے فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ان کا استقبال جنرل ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل سروسز اور سیکیورٹی فورسز ہسپتال پروگرام کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر صالح بن زید المحسن اور دیگر کئی اعلیٰ حکام نے کیا ہے۔
دورے کے دوران وزیرصحت نے ہسپتال کی تیاریوں، اس کے مختلف شعبہ جات اور حج کے دوران عازمین کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا جائزہ لیا ہے۔
انہوں نے سیزن کے دوران جنرل ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل سروسز کے تحت کام کرنے والے طبی مراکز اور ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی فوری اور خصوصی طبی سہولیات سے متعلق بریفنگ بھی سنی جو عازمین کی سلامتی اور راحت کو یقینی بنانے کے لیے فراہم کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ فیلڈ ہسپتال حج سیزن میں میڈیکل سروسز کے اہم ترین منصوبوں میں سے ایک ہے جس میں ایک سوبیڈز کی گنجائش ہے۔
ہسپتال میں مکمل سہولیات سے آراستہ 20 بیڈز پر مشتمل ہیٹ اسٹروک یونٹ، مکمل آپریشن تھیٹر، آئسولیشن روم اور ایک موبائل میڈیکل یونٹ ہے جس میں 5 فیلڈ کلینکس، میڈیکل لیب، فارمیسی اور موبائل ایکسرے مشینیں موجود ہیں۔