Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی عازمین کا حج میں مکمل معاونت پر مملکت سے اظہارِ تشکر

رواں برس شاہ سلمان کی خصوصی دعوت پر مملکت 100 ممالک سے 2443 عازمین حج کی میزبانی کر رہی ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
’ضیوف خادم حرمین شریفین برائے حج وعمرہ پروگرام‘  کے تحت مملکت پہنچنے والے کئی فلسطینی عازمین نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ان فلسطینی عازمین نے کہا ہے کہ شاہ سلمان کے اس اقدام سے ان کے دنیا بھر کے مسلمانوں سے لگاؤ کی عکاسی ہوتی ہے کیونکہ انہوں نےعازمین کے لیے اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ وقار اور سہولت کے ساتھ حج و عمرہ کر سکیں۔
فلسطینی عازم ایمن صالح نے رواں برس حج کے لیے منتخب ہونے پر مسرت کا اظہار کیا اور غیرمعمولی خدمات اور فلسطینی عازمین کے پرجوش خیرمقدم پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
ایک اور فلسطینی عازم حسین کمال نے شاندار سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مملکت فلسطینی حجاج کی خدمت اور ان کے باسہولت حج کو ممکن بنانے کے لیے کس قدر پرعزم ہے۔
انہوں نے مملکت کے اس فراخدلانہ اقدام پر سعودی قیادت کی بھرپور تحسین کی ہے۔
شاہ سلمان کے اس پروگرام کے تحت فلسطینی سیاسی قیدیوں اور شہداء کے سینکڑوں رشتہ دار حج کرنے سعودی عرب پہنچے ہیں۔
سعودی عرب کی اسلامی امور کی وزارت نے پیر کو غزہ سے تعلق رکھنے والے 500 عازمین کا استقبال کیا ہے اور یوں فلسطینی عازمین حج کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
سنہ 1996 میں اپنے آغاز کے بعد سے ’ضیوف خادم حرمین شریفین برائے حج وعمرہ پروگرام‘ کے تحت ہزاروں افراد حج اور عمرے کے مناسک ادا کیے ہیں۔
رواں برس شاہ سلمان کی خصوصی دعوت پر مملکت 100 ممالک سے 2443 عازمین حج کی میزبانی کر رہی ہے۔

 

شیئر: