پہلگام واقعے کے بعد نریندر مودی کا دورہ کشمیر، سٹریٹجک نوعیت کے اہم ریلوے پل کا افتتاح کریں گے
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی پہلگام واقعے اور پاکستان کے ساتھ جھڑپوں کے بعد جمعے کو پہلی مرتبہ کشمیر کا دورہ کریں گے اور پہاڑی علاقے میں سٹریٹجک نوعیت کی ریلوے لائن کا افتتاح کریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بدھ کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’نریندر مودی 1315 میٹر (4314 فٹ) میٹر طویل اور دریا سے 359 میٹر اونچے سٹیل اور کنکریٹ کے پُل کا افتتاح کریں گے۔‘
’اس منصوبے کے ذریعے کشمیر اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان تمام موسموں میں ریلوے کا بلاتعطل رابطہ بحال رہے گا۔‘
توقع ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اس موقعے پر ایک خصوصی ٹرین کو روانہ کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے کا کہنا ہے کہ ’272 کلومیٹر (169 میل) اُدھم پور۔ سری نگر۔ بارہ مولہ ریلوے میں 36 سُرنگیں اور 943 پُل ہیں۔ اس کی تعمیر کا مقصد علاقے میں نقل و حمل کے ذرائع کو بہتر بنانا اور سماجی اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا ہے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ روایتی حریفوں پاکستان اور انڈیا کے درمیان چار روز تک شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد 10 مئی کو دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔
ان جھڑپوں میں دونوں جانب سے میزائلوں، ڈرونز اور توپ خانے کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں دونوں طرف 70 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔