Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چینی جنگی جہاز کی عمدہ کارکردگی‘، انڈونیشیا کا جے 10 لڑاکا طیاروں کی خریداری پر غور

انڈونیشیا کے ایک سینیئر عہدے دار کے مطابق ’ان کا ملک نسبتاً کم قیمت اور اعلٰی صلاحیت کے پیش نظر چین کے جے 10 جنگی جہازوں کی خریداری پر غور کر رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ’عہدے دار کا مزید کہنا ہے کہ انڈونیشیا امریکی ساختہ ایف 15 ای ایکس جیٹ طیاروں کی خریداری کے معاملے کو بھی حتمی شکل دے رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ جنوب مشرقی ایشیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک انڈونیشیا حالیہ برسوں کے دوران اپنے پُرانے فوجی سازوسامان کو جدید بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ 
سنہ 2022 میں اس نے 8 ارب 10 کروڑ ڈالر مالیت کے فرانسیسی ساختہ 42 رفال جیٹ طیارے خریدے جن میں سے چھ آئندہ برس فراہم کیے جائیں گے۔
انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع اور ریٹائرڈ ایئر مارشل دونی ایرماوان توفانتو کا کہنا ہے کہ ’ہم نے چینی حکام کے ساتھ گفت وشنید کی ہے اور انہوں نے ہمیں نہ صرف جے 10 بلکہ بحری جہازوں اور فریگیٹس سمیت دیگر اسلحہ بھی فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’ہم جے 10 جنگی جہازوں کی خریداری کے معاملے اور اس کی قیمت کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘ 
انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع کے مطابق ’ان کا ملک پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی سے بھی قبل گذشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے جے 10 طیاروں کی خریداری کا جائزہ لے رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انڈونیشیا ان رپورٹس کو بھی مدِنظر رکھے گا کہ ’ایک پاکستانی جے 10 جنگی جہاز نے انڈیا کے کئی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔‘
 

شیئر: