اٹلی کا ایف 35 لڑاکا طیاروں پر مزید 7.28 ارب یورو خرچ کرنے کا منصوبہ
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ اضافی سرمایہ کاری کا آغاز آئندہ سال سے ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اٹلی کی حکومت نے ایف 35 لڑاکا طیاروں کے پروگرام پر مجوزہ اخراجات میں مزید 7.28 ارب یورو (8.17 ارب ڈالر) اضافے کے لیے پارلیمان سے منظوری طلب کر لی ہے، جس کے بعد اس منصوبے کی مجموعی لاگت میں 50 فیصد سے زیادہ اضافہ ہو جائے گا۔
پارلیمانی دستاویز کے مطابق، اٹلی نے 2009 میں اس منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے اس کے لیے 13.5 ارب یورو کا بجٹ مختص کیا تھا۔ تاہم مجوزہ اضافی سرمایہ کاری کے بعد ایف 35 پروگرام پر مجموعی اخراجات 20.8 ارب یورو تک پہنچ جائیں گے۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ اضافی سرمایہ کاری کا آغاز آئندہ سال سے ہوگا اور یہ سلسلہ 2039 تک جاری رہے گا۔
اٹلی کی حکومت کے مطابق منصوبے کی لاگت پر نظرثانی کی بنیادی وجوہات میں طیاروں کی ٹیکنالوجی کو جدید بنانا، سکیورٹی کے مزید سخت تقاضے، مہنگائی اور یورو کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ میں تبدیلی شامل ہیں۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس کے یوکرین پر حملے اور خطے میں سکیورٹی سے متعلق وسیع تر خدشات کے باعث یورپی ممالک اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کر رہے ہیں۔
اٹلی نے بھی فوجی اخراجات میں بتدریج اضافے اور جدید دفاعی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد اتحادی ممالک کے مطالبے کے مطابق یورپ کے دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں میں حصہ لینا ہے۔
یورپی اتحادیوں کی جانب سے دفاعی اخراجات بڑھانے پر زور ایسے وقت میں دیا جا رہا ہے جب براعظم یورپ کو اپنی سلامتی کے حوالے سے نئے چیلنجز کا سامنا ہے اور جدید فوجی ٹیکنالوجی کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
