Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

املج میں باز کے ذریعے شکار کا سیزن، جس کا شدت سے انتظار کیا جاتا ہے

چند برسوں کے دوران شکار میں دلچسپی رکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
نومبرمیں موسم خوشگوار ہوتے ہی تبوک ریجن کی املج کمشنری کے کھلے میدانوں اور مقامات پر فالکن کے ذریعے شکار کرنے والوں کے کیمپ جگہ جگہ دکھائی دے رہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ  شکار کا سیزن بھی شروع ہو جاتا ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شکاری ان علاقوں کا رخ کرنے لگتے ہیں جس سے اس علاقے کی سماجی زندگی میں ایک نیا رنگ بھر جاتا ہے۔
سیر و سیاحت، میل جول اور فطرت کے قریب وقت گزارنے کے لیے لوگ یہاں کھینچے چلے آتے ہیں۔
ایک ماہر شکاری  نے بتایا کہ ’یہ سیزن محض ایک مشغلہ نہیں بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے۔ شکار کے سیزن کا سارا سال بڑی شدت سے انتظار کیا جاتا ہے کیونکہ یہ انہیں روزمرہ کے معمولات سے دور کھلے مقامات پر طویل وقت گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک شکاری کا دن صبح سویرے شروع ہوتا ہے۔ اس کے لیے صبر اور یکسوئی اور پرندوں کی نقل و حرکت پر گھنٹوں نظر رکھنا ضروری ہوتی ہے۔
تاہم اس سیزن کا اصل لطف کیمپوں اور وہاں ہونے والی سماجی محفلوں میں ہوتا ہے۔ یہ علاقے اور اس سے باہر سے آنے والے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

کچھ لوگ یہاں فالکنری کی مشق کرنے آتے ہیں اور کچھ محض یہاں کے ماحول سے لطف اندوز ہونے اور اس مشغلے کے بارے میں جاننے کے لیے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران شکار میں دلچسپی رکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس کی ایک وجہ املج کمشنری کا معتدل موسم اور اس کے متنوع قدرتی مناظر ہیں جہاں ساحلی علاقوں کے ساتھ ساتھ وسیع کھلے میدان ہیں۔
یہ مقامات باز پروری کے شوقین افراد کو ایک ایسا تجربہ فراہم کرتے ہیں جس میں فالکنری کے ساتھ تفریح اور سماجی میل جول کا بہترین امتزاج ہے۔

مہمانوں کا خیرمقدم کرنا کیمپوں کے روزمرہ کے معمول کا حصہ ہے۔ میزبان اس کا اہتمام کرتے ہیں۔ روایتی مہمان نوازی کے طور پر کافی پیش کی جاتی ہے تاہم شام کے وقت یہ کیمپ سماجی مراکز میں تبدیل ہوجاتے ہیں جہاں فالکن اور فالکنری کے تجربات کا ذکر غالب رہتا ہے۔
املج کے مضافات میں فالکنری کے یہ کیمپ ایک ایسے سیزن کی عکاسی کرتے ہیں جہاں قدیم روایت اورکھلے میدانوں میں فطرت کا لطف ایک ساتھ ہے۔ کیمپوں کی سادگی ہی ان کا امتیاز ہے۔ یہاں آنے والے دوستوں کو کھلی فضا اور پُرسکون ماحول میں مل بیٹھنے کا موقع  ملتا ہے۔

شیئر: