Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج ’وقوفِ عرفہ‘ کی ادائیگی کے لیے میدانِ عرفات میں جمع، مسجد نمرہ میں خطبہ ہوگا

قصر وجمع کی صورت میں حجاج ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے(فوٹو ، عدنان مہدلی)
 دنیا بھر سے آئے ہوئے فرزندانِ اسلام آج بروز جمعرات 9 ذی الحجہ 1446 ہجری کو حج کا رکنِ اعظم ادا کرنے میدان عرفات میں جمع ہیں جہاں وہ عبادت و رب کریم کے حضور دعائیں کرنےمیں سارا دن گزاریں گے۔
میدانِ عرفات کی مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ اور ’قصرو جمع‘ کی صورت میں ’ظہر اور عصر‘ کی نمازیں ادا کی جائیں گی۔
حجاج غروب آفتاب سے چند لمحات قبل عرفات کی حدود کو نکل کر مزدلفہ کے میدان میں رات گزاریں گے جہاں سے وہ رمی کے لیے کنکریاں اکھٹی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق حج 2025 کے رکن اعظم ’وقوف عرفہ ‘ کی ادائیگی کے لیے حجاج کے قافلوں کی آمد 8 ذی الحجہ کی شب سے ہی شروع ہو گئی تھی۔

حجاج غروب آفتاب سے چند لمحات قبل عرفات سے نکل جائیں گے(فوٹو، ایس آر ایم جی)

حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی انتظامیہ نے اپنے زیر انتظام آنے والے حجاج کو مقررہ شیڈول کے مطابق بسوں اور مشاعرمقدسہ ٹرین کے ذریعے میدانِ عرفات میں پہنچایا۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ’یوم عرفہ‘ کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ وادی منی سے میدان عرفات میں جانے والے راستوں پر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے مختلف سمتوں میں ٹریکس مخصوص کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے امسال ٹریفک ازدحام کی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

جبل الرحمہ جانے کے لیے آمد ورفت کے راستوں کو جدا کیا گیا (فوٹو، ایس آر ایم جی)

وزارت داخلہ اور وزارت حج کی مشترکہ کامیاب حکمت عملی کے باعث غیرقانونی طورپر حج کرنےوالے مشاعر مقدسہ میں نہیں پہنچ سکے جس کی وجہ سے حالات بہت بہتر رہے۔
مشاعر مقدسہ جانے والے تمام راستوں پر سیکیورٹی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جہاں اہلکار چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر ڈیوٹی ادا کررہے ہیں۔

حجاج قافلوں کی صورت میں میدان عرفات پہنچے(فوٹو، ایس آر ایم جی)

میدان عرفات میں جبل الرحمہ کے اطراف اور مختلف مقامات پر موسم کو ٹھنڈا رکھنے اور گرمی کی تپش کو کم کرنے کے لیے خصوصی طورپر’واٹرشاورنگ‘ کا انتظام کیا گیا ۔

شیئر: