Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

کمشنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی نے ان کا خیرمقدم کیا
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف جمعرات کو دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
کمشنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی نے ان کا خیرمقدم کیا، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی، پاکستانی سفیر احمد فاروق اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے تھا  شہباز شریف 5 تا 6 جون 2025 کو عید الاضحیٰ کے موقع پر مملکتِ سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔
 دورے کے دوران وزیرِاعظم، سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کریں گے۔
’ملاقات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوگی، خصوصاً تجارت و سرمایہ کاری، اُمت مسلمہ کی فلاح و بہبود، اور علاقائی امن و سلامتی جیسے اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‘
بیان کے مطابق وزیرِاعظم حالیہ پاکستان اور انڈیا کشیدگی کو کم کرنے میں سعودی قیادت کے تعمیری کردار پر شکریہ بھی ادا کریں گے۔
اعلامے میں کہا گیا کہ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ، آزمودہ اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، جو باہمی عقیدے، احترام اور تزویراتی شراکت داری پر مبنی ہیں۔
’یہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کی بھی تصدیق کرتا ہے، جو سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ ہے۔‘
وزیرِاعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات کے دروازے کھولنے کی توقع ہے۔

 

شیئر: