Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2025 آخری مراحل میں، حجاج آج بڑے شیطان کو کنکریاں مار رہے ہیں

حجاج نے مزدلفہ سے تینوں دن کی رمی کے لیے کنکریاں اکھٹی کیں (فوٹو، ایس پی اے)
حج 1446 ہجری آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔ وقوفِ عرفہ اور مزدلفہ میں شب بسری کے بعد حجاج آج جمعہ 6 جون 10 ذی الحجہ کو بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔ حج کی قربانی کے بعد بال اترانے کے بعد احرام کی پابندیوں سے آزاد ہو جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق منی کی بستی ایک دن کے وقفے یعنی 9 ذی الحجہ کے بعد دوبارہ اس وقت آباد ہوتی ہے جب حجاج وقوف عرفہ کے بعد منی پہنچتے ہیں اور تین دن یہاں قیام کرتے ہیں۔
اس سال بھی منی میں حجاج کی آمد کا سلسلہ 9 ذی الحجہ کی شب سے شروع ہوگیا تھا۔
مزدلفہ سے جلد آنے والوں میں ممعر اور بیمار حجاج شامل تھے انہوں نے مزدلفہ میں چند ساعات قیام کیا کنکریاں جمع کی اور منی روانہ ہوگئے۔
جمرہ کو جانے والے راستوں کو سکیورٹی پوسٹوں پر اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
وادی منی میں جمرات کو جانے اور کنکریاں مارکر واپس آنے والے راستوں کو جدا کیا گیا ہے تاکہ حجاج کا ٹکراو نہ ہو اور غیرضروری ازدحام سے بچا جاسکے۔
جمرہ جانے والے راستوں پر سکیورٹی اہلکار اور سکاوٹس موجود ہیں جو حجاج کی درست سمت رہنمائی کرتے ہیں۔

حجاج نے مزدلفہ میں مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں(فوٹو، ایس پی اے)

پیدل منی آنے والے راستوں کو اس سال مزید بہتر بنایا گیا ہے مختلف مقامات پر واٹرشاورنگ اورراستے میں بیٹھنے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ پیدل آنے والے حجاج کو آرام کرنے کا موقع بھی ملے اور انہیں زیادہ تھکاوٹ نہ ہو۔
حجاج کی آمد سے قبل ہی انتظامیہ نے وادی منی میں حجاج کے استقبال کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے۔ بلدیہ کی جانب سےعلاقے کی مکمل طور پر صفائی کی گئی۔
مخصوص ٹیموں نے جراثیم کش سپرے کرکے پورے علاقے کو سینیٹائز کیا جبکہ جمع ہونے والے کچرے کو جسے 8 ذی الحجہ کو عارضی طورپر کمپریسر ڈرمز میں رکھا گیا تھا خالی کر کے اسے کچرہ خانے منتقل کردیا گیا۔

پیدل چلنے والے راستوں پر پنکھوں اور حجاج کے آرام کرنے کا بھی انتظام ہے(فوٹو، ایس پی اے)

وزارت صحت کے ہسپتال اور ڈسپینسریوں میں بھی انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ ہلال الاحمر کی امدادی ٹیمیں بھی اپنے یونٹس میں پہنچ چکے ہیں۔
منی جانے والے راستوں کوانتظامیہ نے ایک بار پھر عام ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے جس کا مقصد شاہراہوں پر غیر ضروری ازدحام پر قابو پانا ہے۔
 انتظامیہ کی جانب سے بعض شاہراہوں کو یک طرفہ ٹریفک کےلیے کھولا گیا ہے جبکہ منی کی حدود سے قریب راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی پوسٹیں دوبارہ فعال کردی گئی ہیں
سیکیورٹی  اہلکار کسی بھی ایسے شخص کو منی جانے کی اجازت نہیں دیتے جس کے پاس پرمٹ نہیں۔

 

شیئر: