حجاج کی وقوف عرفہ کے بعد مزدلفہ آمد، رات بھر قیام کریں گے
حجاج کی وقوف عرفہ کے بعد مزدلفہ آمد، رات بھر قیام کریں گے
جمعرات 5 جون 2025 18:49
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، عرفات
لاکھوں حجاج کرام نے حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفہ انتہائی اطمینان و سہولت کے ساتھ ادا کیا۔ گرمی کے باوجود میدان عرفات میں نصب پھوار برسانے والوں پنکھوں کی وجہ سے موسم کافی حد تک بہتر ہو گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق حجاج غروب کے ساتھ ہی مزدلفہ کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے سنت نبوی ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے مغرب اور عشاء کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کی۔
حجاج آج شب مزدلفہ میں بسر کرنے کے بعد فجر نماز ادا کرنے کے فوری بعد وادی منی کی جانب روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے اور حج کی قربانی کرنے کے بعد احرام کی پابندیوں سے آزاد ہو جائیں گے۔
حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے حجاج کو مزدلفہ لے جانے کے لیے بسوں کو انکے خیموں تک شام سے قبل ہی پہنچا دیا گیا تھا جبکہ وہ حجاج جنہیں مشاعر ٹرین کے ذریعے مزدلفہ جانا تھا انکے اداروں کی انتظامیہ نے حجاج کو بسوں کے ذریعے ٹرین اسٹیشن تک منتقل کیا۔
میدان عرفات میں جگہ جگہ شیڈ لگائے گئے ہیں جن سے حجاج کو کافی سہولت ہوئی(فوٹو، ایس پی اے)
رواں برس مثالی حج انتظامات کی وجہ سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا حجاج کا کہنا تھا کہ انتظامات بہت اچھے تھے موسم اگرچہ گرم تھا تاہم واٹرشاورنگ کی وجہ سے کافی سہولت ہوئی۔
میدان عرفات میں وزارت حج کی جانب سے ’نسک کیئر‘ یونٹ کی خدمت غیر معمولی طورپر مفید ثابت ہوئیں۔ نسک کیئرکے رضاکار اور اسکاوٹس حجاج کی خدمت میں مصروف رہے۔