مکہ کی فلاحی تنظیم ’ھدیہ‘ کا زائرین کے لیے نیا سماجی پروگرام
مکہ کی فلاحی تنظیم ’ھدیہ‘ کا زائرین کے لیے نیا سماجی پروگرام
جمعرات 12 جون 2025 20:31
زائرین ، سعودی خاندانوں کے مہمان بنیں گے تاکہ باہمی تعلقات میں اضافہ ہو(فوٹو، ایس پی اے)
مکہ میں کام کرنے والی فلاحی تنظیم ’ھدیہ‘ نے ایک سکیم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت زائرین کو حج کے اختتام پر اہم اور بیش قیمت تجربات کی پیشکش کی جائے گی۔
عرب نیوز کے مطابق پروگرام کا عنوان’ انھیں بھی فوائد دیکھنے دیں‘ ہے، اور اس کا مقصد ثقافتی اور انسانی فاصلے کم کر کے، زائرین اور سعودی معاشرے کے درمیان تعلق کو بڑھانا ہے۔
پروگرام کے تحت زائرین، سعودی گھروں میں مہمان بنا کریں گے جہاں انھیں مملکت کی روایتی میزبانی کا تجربہ حاصل ہوگا اور وہ سعودی عرب کی اقدار، رسم و رواج اور روایات کے بارے میں زیادہ جان سکیں گے جس سے دونوں کے درمیان تعلق اور قربت کا احساس پیدا ہوگا۔
ھدایۃ کے چیئرمین حاتم المرزوقی کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام، حج کے بعد ایک پائیدار مثبت اثر پیدا کرنے والے ان کئی انیشی ایٹیوز میں سے ایک ہے جو حجاج اور سعودی معاشرے کے مابین ثقافتی اور انسانی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے ترتیب دیے گئے ہیں۔
پروگرام کا مقصد زائرین اور سعودی معاشرے کے درمیان تعلق بڑھانا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
’ھدیۃ کی خدمات، فقط میزبانی نہیں ہیں بلکہ یہ ایک جامع اور ناقابلِ فراموش تجربے کی بنیاد بنتی ہیں جو سعودی عرب کے لوگوں کی انسانی اقدار کو ظاہر کرتا ہے۔‘
المرزوقی کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام سعودی قیادت کی خواہش سے ہم آہنگ، اعلٰی ترین سطح پر مرتب کیے گئے ایک مربوط نظام کا حصہ ہے۔
ان اقدامات کا مقصد، زائرین کے تجربات کو تقویت دینا اور مملکت کی اس شبیہ کو مضبوط بنانا ہے جو سعودی عرب کو ثقافتی اور انسانی اعتبار سے زائرین کی خدمت اور دیکھ بھال کے عالمی مرکز کے طور پر پیش کرتی ہے۔