حجاج اپنی رہائش کے قریب مساجد میں نماز جمعہ ادا کریں، وزارت حج
لو لگنے سے محفوظ رہنے کےلیے حجاج چھتری کا استعمال کریں(فوٹو ایکس )
وزارتِ حج و عمرہ نے حجاج کرام کو ہدایت کی ہے کہ موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے جمعہ کی نماز اپنی رہائش کے قریب مساجد میں ادا کریں تاکہ براہ راست دھوپ کی تپش سے محفوظ رہا جائے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مکہ مکرمہ کے موسم کے پیش نذر حجاج کو مشورہ دیا ہے کہ شہر مکہ مکرمہ حدود حرم ہے اس لیے حجاج گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی رہائشی عمارتوں کے قریب موجود مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کا اہتمام کریں۔
وزارت حج کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر پر حجاج سختی سے عمل کریں۔ رہائشی عمارتوں سے باہر نکلتے وقت چھتری ساتھ رکھیں جبکہ یومیہ کم از کم 2 لٹرپانی کا استعمال لازمی طورپر کریں تاکہ جسم میں پانی کی قلت نہ ہو اور براہ راست دھوپ سے محفوظ رہ سکیں۔
واضح رہے ان دنوں مملکت میں موسم گرما کی شدت ہے جبکہ مکہ مکرمہ میں حجاج کی بڑی تعداد موجود ہے۔
مکہ میں موجود حجاج کی بیشتررہائشی عمارتیں مسجد الحرام سے کافی فاصلے پر ہیں جس کی وجہ سے انہیں بسوں کے ذریعے مسجد الحرام آنا پڑتا ہے جبکہ بس اسٹاپ سے مسجد تک جانے کے لیے بھی کافی فاصلہ ہے۔
حجاج کی سلامتی کے پیش نذر وزارت حج و عمرہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے تاکہ انہیں شدید گرمی اور لو لگنے سے محفوظ رکھا جاسکے۔