گلگت بلتستان کے ضلع نگر میں باراتیوں کی گاڑی دریا میں گرنے سے دو ہلاک، چار لاپتہ
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار افراد رات گئے شادی کی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔ فوٹو: ریسکیو 1122
گلگت بلتستان کے ضلع نگر میں باراتیوں کی گاڑی میں دریا میں گرنے سے دو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ چار پانی میں بہہ گئے۔
اتوار کی دوپہر ضلع نگر کے ریسکیو کے محکمے نے ایک بیان میں کہا کہ برداس کے قریب باراتیوں کی گاڑی دریا میں گر گئی ہے۔
محکمہ ریسکیو کے ترجمان کے مطابق گاڑی میں سات افراد سوار تھے جن میں سے دو کی لاشیں دریا سے نکال دی گئی ہیں جبکہ ایک زخمی کو بھی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چار لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے جو دریا میں بہہ گئے ہیں۔
گلگت بلتستان کے وزیراعلٰی حاجی گلبر خان نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نگر کے ضلعی حکام کو ریسکیو کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار افراد رات گئے شادی کی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔
ریسکیو 1122ضلع نگر، ہنزہ اور گلگت سے ایمرجنسی گاڑیاں اورسرچ ٹیمیں بھی موقع پر پہنچی ہیں اور مقامی رضاکاروں کے ساتھ مل کر حادثے میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔