Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

7 عمرہ کمپنیوں کے اجازت نامے منسوخ، بینک ضمانت ضبط

’پیکیج کے مطابق عمرہ زائرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے میں کوتاہی برتی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت حج و عمرہ نے 7 عمرہ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے اجازت نامے منسوخ اور بینک ضمانت ضبط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ کمپنیوں نے پیکیج کے مطابق عمرہ زائرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے میں کوتاہی برتی ہے۔
 یہ اقدام ان کوششوں کا حصہ ہے جو وزارت عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بلند کرنے اور عمرہ کمپنیوں سے کئے گئے معاہداتی پروگراموں پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے کر رہی ہے۔
وزارت نے مذکورہ کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ان کے اجازت نامے معطل کر دئیے ہیں اور ان کے بینک ضمانتیں ضبط کر کے متاثرہ عمرہ زائرین کے لیے متبادل ٹرانسپورٹ خدمات کی فراہمی کے اخراجات پورے کئے ہیں۔
وزارت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ عمرہ زائرین اور حجاج کو ان کے تمام حقوق کی فراہمی اور اعلیٰ ترین معیار اور پیشہ ورانہ طریقے سے خدمات فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی یا معاہداتی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزارتِ حج و عمرہ نے تمام عمرہ کمپنیوں اور اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ منظور شدہ ضوابط و ہدایات کی مکمل پابندی کریں اور مقررہ وقت کے مطابق خدمات فراہم کریں تاکہ خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور عمرہ و زائرین کی اطمینان بخش اور آرام دہ میزبانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر: