ایکسپو 2030 کی نمائش گاہ کی تعمیر کے لیے کمپنی کا قیام
’ایکسپو 2030 ریاض کمپنی مکمل طور پر فنڈ کی ملکیت ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے کہا ہے کہ ’ایکسپو2030‘ کی نمائش گاہ کی تعمیر کے لیے نئی کمپنی قائم کی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایکسپو 2030 کے لیے مخصوص کمپنی کا قیام اسٹراٹیجک اقدام ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ سعودی عرب اس عالمی ایونٹ کے مثالی اور غیر معمولی ایڈیشن کے انعقاد کے لیے پر عزم ہے جس کی میزبانی وہ پہلی مرتبہ کر رہا ہے۔
یہ کمپنی نمائش کے مرکز کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دینے اور چلانے کے ساتھ مختلف سہولیات اور بنیادی ڈھانچے میں طویل المدتی سرمایہ کاری کا ہدف رکھتی ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ریاض میں ایکسپو 2030 سعودی عرب کی مجموعی قومی پیداوارمیں 262 ارب ریال سے زائد کا حصہ ڈالے گا جو اس ایونٹ کے پائیدار ترقی اور قومی تبدیلی پر وسیع اقتصادی اثرات کی نشاندہی کرتا ہے۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے کہا ہے کہ ’ایکسپو 2030 ریاض کمپنی مکمل طور پر فنڈ کی ملکیت ہوگی‘۔
’یہ کمپنی سعودی عرب میں اپنی نوعیت کی پہلی ایکسپو نمائش کے مراکز کی تعمیر اور طویل المدتی سرمایہ کاری کی ذمہ دار ہوگی‘۔
واضح رہے کہ ایکسپو 2030 ریاض کا ماسٹر پلان 6 ملین مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہوگا جو ریاض شہر کے شمال میں مستقبل کے کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع ہے۔
یہ بھی متوقع ہے کہ ایکسپو 2030 میں 40 ملین سے زائد وزٹر ہوں گی اور کمپنی نمائش کے اختتام کے بعد اس مقام کو ایک عالمی ولیج میں تبدیل کرے گی۔