Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی واشنگٹن میں تجزیہ کاروں اور میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شرکا کو انڈیا کے خلاف آپریشن بُنیان مرصوص کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ فوٹو: آئی ایس پی آر
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دورہ امریکہ کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں سینیئر سکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کی۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں امریکی تھنک ٹینکس اور دیگر اداروں کے نمائندوں سے بات چیت اور خیالات کے تبادلے کا موقع ملا جبکہ آرمی چیف نے علاقائی اور عالمی معاملات پر پاکستان کا اصولی مؤقف پیش کیا۔
اپنی تقریر میں آرمی چیف نے پاکستان کے علاقائی امن اور استحکام کے لیے غیرمتزلزل عزم پر روشنی ڈالی اور اصولوں کی بنیاد پر مبنی انٹرنیشنل آرڈر کو مستحکم کرنے کی غرض سے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکا کو انڈیا کے خلاف آپریشن بُنیان مرصوص کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور پاکستان کے دہشت گردی سے متعلق مؤقف سے آگاہ کیا۔
انہوں نے ان علاقائی کرداروں کا بھی ذکر کیا جو دہشت گردی کو ہائبرڈ وار فیئر کے آلہ کار کے طور پر فروغ اور اسے سپانسر کرتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائنز پر رہا ہے اور معاشی اور انسانی سطح پر بے تہاشا قربانیاں دی ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت،  کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں وسیع مواقعوں کا ذکر کرتے ہوئے بین الاقوامی شراکت داروں کو دعوت دی کہ وہ ان شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کریں۔
آرمی چیف نے علاقائی اور عالمی تنازعات کے حوالے سے پاکستان کے متوازن نقطہ نظر کو پیش کیا اور مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کی بات کی۔
آرمی چیف نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان بالخصوص انسداد دہشت گردی، علاقائی سلامتی اور اقتصادی ترقی جیسے شعبوں میں تاریخی ہم آہنگی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام، مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور اقتصادی باہمی انحصار پر مبنی وسیع تر کثیر جہتی تعلقات کی بے پناہ صلاحیت پر زور دیا۔

 

شیئر: