کنگ عبدالعزیز فاؤنڈیشن فار ریسرچ اینڈ آرکائیوز نے الدارہ ڈاکیومنٹس کے نام سے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے جس کا مقصد عوام کو سعودی عرب کی تاریخی دستاویزات تک آسان رسائی دینا اور ان کی اہمیت کے بارے میں قومی شعور کو بڑھانا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ منصوبہ جو پیر کو شروع کیا گیا نئی نسلوں کو ان کے ورثے سے جوڑنے اور تاریخی دستاویزات کو مملکت کے ماضی کو سمجھنے کے لیے بنیادی ذرائع کے طور پر اجاگر کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب تاریخی دستاویزات کو کیسے محفوظ بنا رہا ہے؟Node ID: 572386
-
دو مقدس مساجد سے متعلق تاریخی دستاویزات اور نوادرات کی نمائشNode ID: 774346
اس منصوبے کا مرکزی حصہ ایک ڈیجیٹل پورٹل اور خدمات کا مرکز ہے جو محققین، مورخین اور دلچسپی رکھنے والے افراد کو مختلف قسم کے تاریخی مواد تک آسان اور منظم رسائی فراہم کرتا ہے۔
ان کلیکشنز میں مقامی اور غیرملکی دستاویزات، قدیم نسخے، تصاویر، زبانی روایات اور دیگر مواد شامل ہیں جن میں سیاست، معیشت، معاشرت، ثقافت اور تعلیم جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔
الدارہ ڈاکیومنٹس میں ایک جدید ڈیجیٹل نظام شامل ہے جو صارفین کو دستاویزات کو تلاش کرنے اور آسانی سے براؤز کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
صارفین دستاویزات کو الیکٹرانک طور پر یا براہ راست خدمات مرکز پر جاکر انہیں دیکھ سکتے ہیں۔
یہ پلیٹ فارم غیرعربی مواد کے لیے وضاحتی معلومات اور ترجمہ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے جس سے یہ ذخیرہ زیادہ وسیع اور مختلف زبانیں بولنے والے افراد کے لیے قابل رسائی ہوجاتا ہے۔

تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر تسلیم شدہ ادارے کے طور پر فاؤنڈیشن اس بات کا پابند ہے کہ وہ دستاویزات کو سائنسی اور آرکائیول ضوابط کے مطابق جمع، منظم، درجہ بندی اور ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرے۔
اس مرحلہ وار منصوبے میں قیمتی تاریخی دستاویزات کی مسلسل فہرست سازی اور اشاعت شامل ہے تاکہ ان کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے او تحقیق و ثقافتی ترقی کے لیے ان سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔
سعودی وژن 2030 کے مطابق الدارہ ڈاکیومنٹس منصوبہ قومی شناخت کو مضبوط بنانے اور مملکت کی ڈیجیٹل و علمی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ یہ تاریخی مواد کو زیادہ سے زیادہ افراد کے لیے قابل رسائی بناتا ہے۔