Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معاہدۂ مکہ کے رُکن ممالک کے اسلام آباد اجلاس میں یمن کی صورتِ حال پر غور ہوگا: وزیرِ دفاع خواجہ آصف

خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب کے جنوب میں مسلسل جاری بدامنی یقیناً اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم حصہ ہوگی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مکہ معاہدے میں شامل ممالک سعودی عرب اور ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری کشیدگی پر جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے دوران تبادلۂ خیال کریں گے۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ باہمی دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے حکام اِس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ’سعودی عرب کے جنوب میں مسلسل جاری بدامنی یقیناً اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگی۔‘ اُنہوں نے تصدیق کی کہ اجلاس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اگست میں اِس معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت تینوں مسلم ممالک نے کسی ایک ملک پر حملے کی صورت میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کا عہد کیا تھا۔
یمن میں جولائی کے دوران خانہ جنگی میں شدت آنے کے بعد سے سعودی عرب کو حوثی جنگجوؤں کے مسلسل حملوں کا سامنا ہے۔ حوثی گروپ نے سعودی شہروں، تیل کی تنصیبات اور بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔
خواجہ آصف نے بدھ کو کہا کہ ’معاہدے کے تحت سعودی عرب کو لاحق کوئی بھی خطرہ پاکستان اور ترکیہ کے لیے بھی خطرہ ہے اور اِس معاملے میں کوئی ابہام نہیں۔‘ اُنہوں نے یمن میں حوثیوں کے ساتھ تنازع سے نمٹنے کے سعودی عرب کے طرزِ عمل کو سراہا۔ حوثی جنگجو یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت ملک کے وسیع علاقوں پر قابض ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے پھیلاؤ کے دوران قائم ہونے والا یہ معاہدہ فی الحال ابتدائی مرحلے میں ہے۔ خطے میں جنگ کا پھیلاؤ فروری میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد شروع ہوا تھا۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اگست میں مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے (فائل فوٹو: روئٹرز)

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ’ابتدائی طور پر ہمیں باقاعدگی سے اجلاس کرنا ہوں گے تاکہ زیرِ تشکیل نظام کو درست سمت میں آگے بڑھایا جا سکے۔ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ چند ماہ میں تمام ضروری انتظامات مکمل ہو جائیں اور ہم اِس معاہدے پر عملی طور پر آگے بڑھ سکیں۔‘
خواجہ آصف نے اِس سوال پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا کہ ایران اگر براہِ راست سعودی عرب پر حملہ کرتا ہے تو دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کا ردِعمل کیا ہوگا۔ تاہم انہوں نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ’اسرائیل کی جانب سے جارحیت کا اِمکان موجود ہے، جس کے لیے خطے کے ممالک کو متحد ہو کر اپنے دفاع کے لیے تیار رہنا ہوگا۔‘
پاکستان نے جون میں امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی تھی جس کے نتیجے میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ عارضی طور پر رُک گئی تھی۔ اِس معاہدے میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے لیے مزید پیش رفت کا لائحہ عمل بھی طے کیا گیا تھا۔
تاہم یہ جنگ بندی برقرار نہ رہ سکی اور امریکہ اور ایران نے ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے۔ اس کے بعد جنگ بندی کی بحالی کے لیے کئی ماہ تک سفارتی کوششیں جاری رہیں، جن میں قطر اور پاکستان نے بنیادی ثالثوں کا کردار ادا کیا۔

شیئر: